پاکستان نے انسانی حقوق کے حوالے سے امریکی محکمہ خارجہ کی رپورٹ تسلیم کرنے سے انکار کرتے کہا ہے کہ امریکی محکمہ خارجہ کی انسانی حقوق سے متعلق رپورٹ میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بھارتی خلاف ورزیوں اور پیلٹ گن سے نشانہ بننے والے مظلوم کشمیریوں کا بھی تذکرہ نہیں، بھارت میں انسانی حقوق سے متعلق حقائق کے برعکس مواد رپورٹ کے جھوٹا ہونے کا ثبوت ہے، پاکستان میں انسانی حقوق کے حوالے سے قوانین موجود ہیں ، پاکستان کو نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم پر تشویش ہے اور اس کی بھرپور مذمت کرتا ہے ،یوم پاکستان پربھارتی وزیر اعظم کا تہنیتی پیغام رسمی تھا اس سے پاک بھارت مذاکرات کی بحالی کا کہیں سے کوئی اشارہ نہیں ملتا،پاکستان نے افغانستان کے ساتھ سرحد جذبہ خیرسگالی کے تحت کھولی، افغانستان پر زور دیا گیا ہے کہ وہ بارڈر مینجمنٹ کے لیے تعاون کرے، پاکستان افغانستان میں قیام امن کیلئے کوششیں جاری رکھے گا، سوڈان میں مغوی پاکستانی انجینئرایاز جمالی کی بازیابی کیلئے کوششیں جاری ہیں،پاکستان سوڈان کی حکومت سے رابطے میں ہے ۔دفتر خارجہ اسلام آباد میں ہفتہ وارپریس بریفنگ کے دوران نفیس زکریا نے کہا کہ پاکستان انسانی حقوق کے حوالے سے امریکی محکمہ خارجہ کی رپورٹ کو تسلیم نہیں کرتا ایسی رپورٹس یک طرفہ طور پر تیار کی جاتی ہیں پاکستان میں انسانی حقوق کے حوالے سے قوانین موجود ہیں اور ان حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے اقدامات کیئے جا رہے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ نام نہاد امریکی رپورٹ حقائق کے برعکس ہے رپورٹ میں شامل بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے برعکس مواد اس کے جھوٹا ہونے کا ثبوت ہے اس رپورٹ میں مقبوضہ کشمیر میں پیلٹ گن کا نشانہ بننے والے مظلوم کشمیریوں سمیت دیگر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا کوئی ذکر نہیں، بھارت میں انسانی حقوق سے متعلق حقائق کے برعکس مواد رپورٹ کے جھوٹا ہونے کا ثبوت ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے ملی جوش و جذبے سے منائے گئے یوم پاکستان پر بھارتی وزیر اعظم کا تہنیتی پیغام کومعمول کا رسمی پیغام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے پاک بھارت مذاکرات کی بحالی کا کہیں سے کوئی اشارہ نہیں ملتا۔ پوری قوم نے گزشتہ روزیوم پاکستان ملی جوش و جذبہ سے منایا، پاکستان کے دوست ممالک بھی اس خوشی میں شامل ہوئے، یوم پاکستان پریڈ کے منتظمین کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، گزشتہ ہفتے بھارت نے 30حریت رہنمائوں کو گرفتاراورنظربند کیا، حریت رہنمائوں کو پاکستانی ہائی کمیشن میں تقریب میں شرکت کرنا تھی لیکن گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر کے عوام نے قومی ترانہ پڑھ کر اپنی رائے کا اظہار کردیا، گزشتہ ایک ہفتے میں 131کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا، پاکستان کو نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم پر تشویش ہے اور اس کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔افغانستان کے حوالے سے دفترخارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان کے ساتھ سرحد جذبہ خیرسگالی کے تحت کھولی، افغانستان پر زور دیا گیا ہے کہ وہ بارڈر مینجمنٹ کے لیے تعاون کرے، پاکستان افغانستان میں قیام امن کیلئے کوششیں جاری رکھے گا، ماسکو میں افغانستان کے حوالے سے کانفرنس میں پاکستان شرکت کرے گا تاہم پاکستان کس سطح پرشریک ہوگا اس کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔ اس کانفرنس میں افغان طالبان شریک ہوں گے یا نہیں اس کا انہیں علم نہیں۔سوڈان میں پاکستانی شہری کے اغوا سے متعلق نفیس زکریا نے کہا کہ سوڈان میں مغوی پاکستانی انجینئرایاز جمالی کی بازیابی کیلئے کوششیں جاری ہیں، اپنے شہری کی بازیابی کیلئے ہرممکن کوشش کریں گے، پاکستان سوڈان کی حکومت سے رابطے میں ہے۔
انسانی حقوق کی امریکی رپورٹ مسترد ، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بھارتی خلاف ورزیوں کا کوئی ذکرنہیں: پاکستان
Mar 24, 2017 | 15:56