کراچی(نیوز رپورٹر)مجلس و حدت مسلمین کے سر براہ علامہ ناصر عباص جعفری کی خصوصی ہدایات پرایم ڈبلیو ایم کے ملک بھر میں موجود صوبائی وضلعی دفاتر میں یو م پاکستان کی مناسبت سے تقریبات کا اہتمام کیا گیا اور ملک کی سلامتی و استحکام کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔اس موقعہ پر وطن عزیز کو درپیش خطرات اور ان کے ازالہ کے لیے حب الوطنی اور احساس ذمہ داری کی ضرورت پر زور دیا گیا۔مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ عالمی طاقتیں دہشت گردی کا تعلق اسلام اور پاکستان سے جوڑنے کے لیے اپنے تمام وسائل استعمال کر رہی ہیں۔ جنہیں دانش و بصیرت کے ساتھ شکست دینا ہو گی۔پاکستان ایک ایٹمی قوت ہے اور جغرافیائی اعتبار سے بھی بے پناہ اہمیت کا حامل ہے۔پاکستانی قوم کو طبقاتی جنگ میں الجھا کر دشمن اپنے مذموم عزائم کی تکمیل چاہتا ہے۔باہمی اخوت و اتحاد سے دشمن کے ناپاک ارادوں کو ناکام بنایاجا سکتا ہے۔مادر وطن سے محبت ہمارے لیے ایک واجب عمل ہے جس پر سب کچھ قربان کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا ہماری عزت، ہماری پہچان، ہماری شناخت ،ہمارے جان و مال کا تحفظ ،ہماری آزادی یہ سبھی نعمتیں اس ارض پاک کی بدولت ہمیں حاصل ہیں۔یہ وطن ہماری نظریاتی جاگیر ہے۔ جو عناصر ملک کی ترقی و استحکام میں روڑے اٹکانے میں مصروف ہیں وہ دراصل اسلامی نظریات کے دشمن ہیں۔ ملک کے آئین و قانون سے متصادم قوتیں پاکستان کی کبھی خیرخواہ نہیں ہو سکتیں۔