دنیا میں 19 کروڑ افراد گردوں کے امراض میں مبتلا، سالانہ 6 لاکھ موت کے منہ میںچلے جاتے ہیں: غیاث النبی طیب، پروفیسر سجاد

Mar 24, 2018

لاہور (پ ر) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ پروفیسر غیاث النبی طیب نے کہا کہ گردے جسم کا انتہائی اہم حصہ ہیں اور ہمیں ان کی حفاظت کے لئے ہر ممکن کوشش کرنی چاہئیے اور یہ اسی وقت ممکن ہے جب گردوں سے متعلق بنیادی معلومات معاشرے کے ہر فرد کو حاصل ہوں۔ وقت کا تقاضا ہے کہ بیماریوں کی روک تھام اور عوام الناس کو صحت کے بنیادی اصولوں سے روشناس کرانے کے لئے ہر سطح پر عملی کاوشیں بروئے کار لائیں اور بالخصوص طب سے وابستہ ہر فرد مریضوں کو بیماریوں سے بچاؤ کی آگاہی دینے میں اپنا کردار ادا کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنرل ہسپتال میں گردوں کی بیماری سے آگاہی کے لئے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پروفیسر سجاد حسین، پروفیسر محمد نذیر و دیگر طبی ماہرین نے کہا کہ عالمی اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں 19 کروڑ کے لگ بھگ افراد گردوں کے امراض سے متاثر ہیں جبکہ 6 لاکھ لقمہ اجل بن جاتے ہیں۔ اسی طرح مردوں کی نسبت خواتین زیادہ تعداد میں گردوں کے امراض اور سرطان میں مبتلا ہوتی ہیں۔

مزیدخبریں