لاہور+اسلام آباد + سری نگر + پیرس (کلچرل رپورٹر+ نمائندگان + نیوز ایجنسیاں + نوائے وقت رپورٹ) 78 ویں یوم پاکستان کے سلسلے میں دبئی، چین، ترکی اور لندن سمیت دنیا بھر میں خصوصی تقاریب کا انعقاد کیا گیا ،سبز ہلالی پرچم بلند کئے گئے ،بچے بڑے سب ہی پاکستان کی ثقافت کے رنگوں میں نظر آئے ، ملی نغمہ گا کر وطن سے محبت کا اظہار کیا، مقبوضہ کشمیر میں دختران ملت کے زیر اہتمام یوم پاکستان کی تقریب کا اہتمام کیا گیا ،آسیہ اندرابی نے قومی ترانہ پڑھا۔ دبئی میں پاکستانی سفیر معظم احمد خان کی جانب سے شکریہ پاکستان کے نام سے یوم پاکستان کے 4 روزہ جشن کا اہتمام کیا گیا ہے۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کو مبارکباد پیش کی۔ چین کے دارالحکومت بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے میں یوم پاکستان قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ پاکستانی سفیر مسعود خالد نے سرسبز ہلالی پرچم بلند کیا۔ترکی کے شہر انقرہ میں بھی یوم پاکستان پر خصوصی تیاریاں کی گئیں۔استنبول میں برطانیہ اور ایشیا کوملانے والے پل کو پاکستانی پرچم سے روشن کیا گیا۔ پاکستانی ہائی کمشن سری لنکا میں ایک رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ مقبوضہ کشمیر میں تمام تر پابندیوں کے باوجود یوم پاکستان منایا گیا اور کشمیریوں کی جانب سے پاکستان کے قومی پرچم لہرائے گئے اور قومی ترانہ بھی پڑھا گیا۔ آسیہ اندرابی نے دو قومی نظریہ کے حوالے سے بات کی اور ”کشمیر بنے گا پاکستان“ کے نعرے بھی لگائے ان کا کہنا تھا برصغیر میں رہنے والے تمام مسلمان پاکستانی ہیں۔ جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں پاکستانی سفارتخانے میں یوم پاکستان کے حوالے سے قومی دن کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ سنگا پور میں ہائی کمشنر نصراللہ خان نے قومی پرچم لہرا کر کیا۔ بینکاک میں پاکستانی سفارتخانے میں یوم پاکستان کے سلسلے میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، اس موقع پر وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مشاہد اللہ خان نے کہا کہ ہمیں پاکستان کو قائد کی امنگوں کے مطابق ڈھالنے کے لئے دن رات محنت کرنے کی ضرورت ہے۔ ادھر بھارتی فوج نے نہتے کشمیرےوں کے خلاف ظلم وجبر کا سلسلہ جاری رکھا جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع کے آری ہل علاقے میں کرےک ڈاون کے دوران بھارتی فوج نے 14 نوجوانوں کو گرفتار کر لےا ہے۔ اسیران کے ساتھ اظہار یکجہتی اور انہیں بیرون وادی جیلوں میں منتقل کرنے کے خلاف مشترکہ حریت قیادت کی طرف سے جامع مسجد کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ تھائی لینڈ‘ سنگا پور میں یوم پاکستان قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ ڈھاکہ سے موصولہ پیغام کے مطابق شاہ فیصل کاکڑ نے اپنے خطاب میں پاکستانی برادری کو یوم پاکستان کے موقع پر مبارکباد دی اور اتحاد‘ تنظیم اور نظم کے سنہرے اصولوں پر کاربند رہنے کی ضرورت پر زوردیا۔واہگہ بارڈر اور گنڈا سنگھ بارڈر پر روزانہ کی طرح سورج غروب ہونے سے قبل پرچم اتارنے کی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں خواتین، بچوں، بزرگوں، جوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، رینجرز کے جوانوں نے دشمن پر لرزہ طاری کئے رکھا اور اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے فلگ شگاف نعرے لگاتے رہے۔لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب منعقد کی گئی جس میں پاک فضائیہ کے ایک چاک و چوبند دستے نے حفاظتی فرائض سنبھالے۔ بلوچستان میں پاک فوج کے زیراہتمام یوم پاکستان پر پولو گراﺅنڈ کوئٹہ میں رنگا رنگ تقریب ہوئی۔ تقریب میں گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی‘ وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے شرکت کی۔ لاہور میں یوم پاکستان جوش و خروش سے منایا گیا، سکولوں کالجوں، یونیورسٹیوں اور دیگر اداروں میں خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا، نوائے وقت سمیت دیگر اخبارات نے اس دن کی مناسبت سے خصوصی ایڈیشنز شائع کئے۔ ریڈیو ، ٹی وی چینلز نے یوم پاکستان کے حوالے سے خصوصی پروگرام او رملی نغمے پیش کئے ، یوم پاکستان کی تقریبات کے سلسلے میں کے ٹو کنگز کے صدر علی طاہر اور مقصود چغتائی کی قیادت میں موٹرسائیکل سواروں کا قافلہ دو روز قبل 7 ہزار کلومیٹر سفر پر روانہ ہوا، اب میانوالی پہنچ گیا ہے جہاں ان کے اعزاز میں میانوالی پریس کلب نے استقبالیہ دیا۔ امریکی سفارتخانے میں بھی یوم پاکستان کی تقریب ہوئی اور قومی پرچم لہرایا گیا۔ دن کا آغاز نماز فجر کے بعد ملکی سلامتی استحکام اور ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعاﺅں سے ہوا، وفاقی دارالحکومت میں اکتیس اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس توپوں کی سلامی دی گئی۔ تمام اہم سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم لہرائے گئے۔ یوم پاکستان کے موقع پر برج الخلیفہ کو پاکستانی پرچم کے رنگ میں روشن کیا گیا۔ پاکستان ائر فورس کے تمام بیسوں پر یوم پاکستان روایتی جوش و خروش سے منایا گیا۔ پیرس سے صاحبزادہ عتیق کے مطابق سفارت خانہ پیرس میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی۔ پاکستانی کمیونٹی، سفارت خانہ کے افسران اور ان کے اہلخانہ اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ معین الحق سفیر پاکستان نے تقریب کے دوران اپنے خطاب میں پاکستانی کمیونٹی کو پاکستان کے قومی دن کے موقع پر مبارکباد پیش کی۔ قصور سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق ملک بھر کی طرح قصور میں بھی یوم پاکستان انتہائی ملی جوش و جذبے اور احترام سے منایا گیا۔ گنڈا سنگھ بارڈر پر پرچم کشائی کی شاندار تقریب میں لوگوں کی پہلے سے بڑی تعداد دیکھنے آئی۔