اسلام آباد (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیرمملکت برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سویٹ ہوم کے بانی زمرد خان کے جذبے کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، آج وہ تاریخی دن ہے جب قرارداد پاکستان منظور ہوئی، قوم نے دہشت گردی کے خلاف بے پناہ قربانیاں دیں۔ یوم پاکستان کے حوالے سے پاکستان سویٹ ہومز میں پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر پی ایس ایچ کے ننھے منے بچوں نے شاندار پریڈ کا مظاہرہ کیا۔ تقریب کی مہمان خصوصی وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب تھیں جبکہ مذہبی امور کے وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے بھی تقریب میں خصوصی شرکت کی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ یوم پاکستان کے موقع پر سویٹ ہوم میں تقریب کا انعقاد خوش آئند ہے، سویٹ ہوم کے بانی زمرد خان کے جذبے کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) آئندہ ہفتے سویٹ ہوم کی رکنیت کےلئے مہم شروع کرے گا۔ قوم نے دہشت گردی کے خلاف بے پناہ قربانیاں دی ہیں، ان قربانیوں کی بدولت ملک میں امن بحال ہوا، دہشت گردی کے خلاف پاکستانی قوم کا جذبہ لائق تحسین ہے۔ عدم برداشت جیسے عفریت سے چھٹکارا پانے کےلئے قومی اتحاد کی ضرورت ہے۔ مذہبی امور کے وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے کہا پاکستان دنیا بھر میں امن و امان کے لئے اپنا کردا رادا کرے گا، ہمارے ملک کا پیغام اسلام ہے اور اسلام امن، محبت اور بھائی چارے کا علمبردار ہے۔ پاکستان سویٹ ہومز نے بہت کم وقت میں بڑے بڑے سنگ میل عبور کئے ہیں جو قابل تعریف ہیں۔
مریم اورنگزیب