بیجنگ‘ جنیوا (بی بی سی ڈاٹ کام + اے ایف پی) چین کی وزارتِ خزانہ نے امریکہ کی طرف سے چین سے درآمد شدہ سٹیل اور ایلومینیم پر درآمدی ڈیوٹی عائد کرنے کے رد عمل میں امریکی سے چین درآمد کی جانے والی مصنوعات پر تین ارب ڈالر کے ٹیکس عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ چین کی وزارتِ خزانہ سے جاری ہونے والے اعلان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ سے چین درآمد کی جانے والی ایک سو اٹھائیس اقسام کی مصنوعات پر ڈیوٹی وصول کی جائے گی۔ اس میں سے ایک سو بیس اقسام کی اشیاء اور مصنوعات جن میں پھل، خشک میوا، شراب ، بغیر جوڑ کی ٹیوبیں اور دیگر اشیا شامل ہیں اور جن کی کل مالیت ستانوے کروڑ ڈالر بنتی ہے ان پر چین پندرہ فیصد ڈیوٹی وصول کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ اس کے علاوہ گوشت اور ری سائیکل الیومینیم پر چین نے پچیس فیصد ڈیوٹی وصول کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ چین کی وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ اگر چین اور امریکہ کس تجاری معاہدے پر نہیں پہنچتے تو چین پہلے مرحلے میں مصنوعات کی ایک فہرست میں شامل اشیا پر ڈیوٹیاں عائد کرے گا اور دوسرے مرحلے میں امریکہ کی طرف سے عائد کردہ ڈیوٹیوں کے مالی اثرات کا مکمل طور پر اندازہ لگانے کے بعد مزید اقدامات کا اعلان کیا جائے گا۔ چین نے ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیش کے تحت امریکہ کے اس یک طرفہ اعلان پر قانونی چارہ جوئی کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کے سربراہ نے خبردار کیا ہے کہ تجارتی جنگ سے عالمی اقتصادیات خطرے میں پڑ جائے گی۔ تحمل کا مظاہرہ اور فوری طور پر مذاکرات کئے جائیں۔