ملتان( آن لائن )انگلینڈ ویمن ٹیم کی سابق فاسٹ بالر اور نیشنل فاسٹ بالنگ اکیڈمی کی کیتھرن ڈیلٹن اور فاسٹ بالنگ کوچ این پونٹ جنوبی پنجاب میں ملتان سلطانز کے مالک علی ترین کی اکیڈمی میں فاسٹ بالرز کے ساتھ ٹریننگ سیشن کرنا شروع ہوگئے ہیں ۔اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کیتھرن ڈیلٹن اور این پونٹ کا کہنا تھا کہ وہ جنوبی پنجاب میں آکر انتہائی خوش ہیں اور یہاں اکیڈمی میں نوجوان بالرز کے ساتھ کام کرنے کے لیے بے تاب ہیں،وہ ان بالرز کی رفتار بڑھانے اور ان کی جسمانی مضبوطی پر کام کریں گے اور انہیں امید ہے کہ ان میں کچھ لڑکے ایک دن پاکستان کی قومی ٹیم کی نمائندگی کریں گے اور مستقبل کے سپر سٹار ثابت ہوں گے۔یادرہے کہ پاکستان سپر لیگ میں ملتان سلطانز کی ٹیم کی جانب سے توقعات کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر پانے کے بعد ٹیم کے مالک علی ترین کی جانب سے خصوصی پیغام جاری کیا گیا تھا۔علی ترین کی جانب سے کہا گیا تھا کہ پی ایس ایل کے نتائج کے باوجود ٹورنامنٹ ملتان سلطانز کیلئے زبردست تجربہ ثابت ہوا ہے۔ علی ترین کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل ختم ہو گیا لیکن اصل کام اب شروع ہوا ہے۔علی ترین نے اعلان کیا تھا کہ رواں ہفتے جنوبی پنجاب کے بالرز کی تربیت کیلئے انگلینڈ ویمن ٹیم کی سابق فاسٹ بولر اور نیشنل فاسٹ باولنگ اکیڈمی کی کیتھرن ڈیلٹن اور فاسٹ بولنگ کوچ این پونٹ آئیں گے۔ ملتان میں فاسٹ باولرز کیلئے خصوصی کیمپ لگایا جائیگا، کیمپ میں انگلینڈ نیشنل فاسٹ باولنگ اکیڈمی کی کیتھرن ڈیلٹن اور فاسٹ بولنگ کوچ آئین پونٹ نوجوان کھلاڑیوں کو تربیت دیں گے۔جنوبی پنجاب کے لوگ اپنی مہمان نوازی کیلئے مشہور ہیں، اس لیے فاسٹ باولنگ کیمپ میں دیگر پی ایس ایل ٹیموں کے نوجوان فاسٹ باولر بھی شرکت کر سکتے ہیں۔ علی ترین کا مزید کہنا ہے کہ بیٹنگ کے کیمپ کیلئے سابق جنوبی افریقی آل را نڈر لانس کلوزنر سے بھی بات ہو رہی ہے جبکہ ملتان سلطانز جون تک نوجوان باصلاحیت کھلاڑیوں کی ایک ٹیم ترتیب دیکر اسے انگلینڈ لے جائے گی۔