بھارتی وزیراعظم کا بیان دیر آید درست آید، بعید نہیں کہ بھارت الیکشن تک ایک اورچال چلے :شاہ محمود

بھارتی وزیراعظم کا بیان دیر آید درست آید، بعید نہیں کہ بھارت الیکشن تک ایک اورچال چلے بلاول بھٹو اپنے بیانات پر نظر ثانی کریں،ملکی مفاد دائو پر نہ لگائیں:وزیر خارجہ کا انٹرویو

اسلام آباد : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے بیان کو دیر آید درست آید قرار دیتے ہوئے کہاکہ پیغام کا خیر مقدم کرتے ہیں مگر ہمیں چوکنا رہنا ہوگا۔ایک انٹرویو میں وزیر خارجہ نے کہاکہ اس پیغام کے باوجود بھارت سے کچھ بعید نہیں کہ 19 مئی کو بھارتی الیکشن سے پہلے کوئی اور چال بھی چلی جائے ،ہمیں محتاط رہنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ بلاول کالعدم تنظیموں کیخلاف کس قسم کی کارروائی چاہتے ہیں؟وہ خود حکومت میں ہوتے تو کیسی کارروائی کرتے ؟ ہمیں لکھ کر بتادیں ،ہم بات کرنے کے لئے تیار ہیں۔ مل کر دہشت گردی کا مقابلہ کریں، آئیے مل کر اس خطے کو خوشحال بنائیں، پاکستان کو پہلے دن ہی سے اس ایجنڈے سے کوئی اختلاف نہیں ،مل بیٹھنے کے علاوہ ہمارے پاس کوئی راستہ ہی نہیں۔ ہم شروع دن ہی سے بھارت کو بات چیت کی دعوت دے رہے ہیں اور انہیں یہ باور کرا رہے تھے کہ بھارت کی جانب سے بات نہ کرنے کی پالیسی سود مند ثابت نہیں ہو گی۔ اگر بھارت بات چیت کے ذریعے مسائل کا حل چاہتا ہے تو ہم تیار ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں بھارتی وزیراعظم کے بیان کو خوش آمدید کہتا ہوں۔ لیکن اسے انکی پالیسی کی تبدیلی سے تشبیہ نہیں دوں گا کیونکہ ایسا کہنا قبل از وقت ہو گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر مہاتیر محمد نے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے ۔

ای پیپر دی نیشن