اسلام آباد(نیٹ نیوز‘صباح نیوز) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کرونا خطرناک ضرور ہے مگرجان لیوا مرض نہیں۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ 23 مارچ کا دن یکجہتی کے جذبے کے ساتھ جڑا ہوا ہے، آج ہم آہنگی اور یکسوئی کے جذبے کو فروغ دینے کا وقت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے 8 ائیرپورٹس پرسول آرمڈ فورسزتعینات ہیں، صوبے حالات کے پیش نظرفوج کو طلب کر سکتے ہیں، جزوی لاک ڈاؤن کا آپشن صوبوں پرچھوڑ دیا گیا ہے، لاک ڈاؤن کا مطلب کرفیو نہیں ہے۔ اس موقع پر معاون خصوصی نے کہا کہ ایم کیو ایم کو دوبارہ وفاقی حکومت کا حصہ بننے پر مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آج پاکستان کو کورونا کی شکل میں چیلنج درپیش ہے، کرونا کے باعث پوری قوم مسائل کا شکار ہے، کوئی حکومت ڈنڈے کے زور پر ان چیلنجز کا مقابلہ نہیں کرسکتی، کرونا کیخلاف جنگ میں سب سے اہم دستہ عوام ہیں، عوام کی مدد سے اس چیلنج کا مقابلہ کریں گے۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے کل عوام کے درد کا اظہار کیا، لاک ڈاوَن کے حوالے سے مختلف آرا دی جارہی ہیں، اکثریت کی رائے تھی کہ پاکستان کو لاک ڈائون کی طرف جانا چاہیے، لاک ڈائون کی تعریف سے آگاہی ضروری ہے، جزوی لاک ڈائون کا فیصلہ صوبائی حکومت پر منحصر ہے، وفاق سندھ حکومت کے لاک ڈائون کی تشریح سے متفق نہیں، لاک ڈائوں احکامات پر زبردستی عمل کرنے کیلیے فوج اور پولیس کو استعمال کیا جاتا ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آرٹیکل245 کے تحت صوبوں کو فوج طلب کرنے کا اختیارات دیا گیا ہے، صوبوں کو حالات کے مطابق فیصلہ کرنے کا اختیار دے دیں گے، وزیراعظم عمران خان سمری کی منظوری دے چکے ہیں، کچھ لوگ خود کو قرنطینہ میں رکھ کر ملک سے باہر چلے گئے تھے، یہ لوگ عوام کو لاک اپ میں رکھ کر خود لاک اپ سے باہر آنا چاہتے ہیں، کورونا جیسے پر مسئلے پر سیاسی دکان چمکانا ٹھیک نہیں، وزیراعظم پر تنقید کر کے بہتری نہیں آئے گی، پوائنٹ اسکورنگ عوام کی اذیت کا باعث بنے گی، اس وقت اپنے ذاتی ایجنڈے اور مفادات کو قرنطینہ میں رکھیں، وزیراعظم قائدانہ کردار ادا کررہے ہیں، سیاسی محاذ پر نقب زنی کی حوصلہ شکنی ہوگی۔ اس سے قبل اپنی ٹوئٹ میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ 23مارچ کا جذبہ قیام پاکستان کا باعث بنا۔ آج اسی جذبے کے تحت ہمیں یکجہتی اور ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔ کورونا کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے ہم میں کوئی تقسیم نہیں، عوام کا تحفظ، سلامتی اور صحت ہم سب کی ترجیح ہے۔فردوس عاشق اعوان نے یوم پاکستان کے حوالے سے اپنے پیغام میںکہا ہے کہ 23 مارچ تجدید عہد کا دن ہے۔ کرونا وائرس 23 مارچ کے عزم اور تجدید عہد کو اجاگر کرتا ہے، آج کے دن پوری قوم کو اکٹھا ہونا چاہئے جس طرح تحریک پاکستان کی اس وقت کی قیادت قیام پاکستان کے لئے اکٹھی ہوئی تھی۔ ملک کو درپیش چیلنجز کے تدارک کیلئے ایک قومی بیانیہ ترتیب دینے کی ضرورت ہے۔
کرونا خطرناک ضرور، جان لیوا نہیں ، لاک ڈائون کا مطلب کرفیو نہ ہے سندھ حکومت کی تعریف سے متفق: فردوس عاشق
Mar 24, 2020