لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر پنجاب حکومت نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں کرونا وائرس سے بچاؤکیلئے موبائل آگاہی مہم کاآغازکر دیا ہے۔ وزیراعلی نے ’’گھر رہیں، محفوظ رہیں‘‘آگاہی مہم کا افتتاح کیا۔ خصوصی مہم کے تحت موٹر سائیکلوں اور رکشاؤںکے ذریعے عوام میں شعور بیدار کیا جائے گا۔ لاہور میں250 موٹرسائیکلوں اور 50 رکشاؤںکے ذریعے گلی، محلوں میں آگاہی مہم شروع کی گئی ہے۔ وزیراعلی نے کہا کہ لاہورکی ہر یونین کونسل میں کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر کے بارے میں شہریوںکو آگاہی دی جائے گی۔ لاہور میں مجموعی طور پر850 موٹرسائیکلوں اور 500 رکشاؤں کے ذریعے عوام میں شعور بیدار کیا جائے گا۔ پنجاب بھر میں4130 موٹرسائیکلوں کے ذریعے وائرس سے بچاؤ کے بارے میںآگاہی مہم چلائی جائے گی۔ موبائل آگاہی مہم کے ذریعے شہریوں میں احتیاطی تدابیر پر مبنی پمفلٹ بھی تقسیم کئے جائیں گے۔ پاکستانی ایک ذمہ دار قوم ہے اور موجودہ حالات میں شہری اپنی ذمہ داری نبھائیں گے۔ سماجی فاصلے برقرار رکھنا ضروری ہیں۔ آج کے فاصلے شہریوں کو مستقل فاصلوں سے محفوظ بنا سکتے ہیں۔ حکومت نے شہریوں کی زندگیاں محفوظ بنانے کے لئے ہر ممکن اقدام کیا ہے۔ وائرس ایک بڑا چیلنج ہے اور اسے مل کر ہی شکست دیں گے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ اورکور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسانکی زیرصدارت اجلاس میں جنرل آفیسر کمانڈنگ10 ڈویژن میجرجنرل محمد انیق الرحمن ملک، جنرل آفیسر کمانڈنگ 11 ڈویژن میجر جنرل محمد یوسف مجوکہ، ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل محمد عامر مجید، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلی پنجاب، سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ وائرس کی روک تھام کیلئے کئے اقدامات‘ متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے کیلئے انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لئے تمام تر ممکنہ اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔ شرکاء نے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے پر اتفاق کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومتی اقدامات پر100 فیصد عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے مشترکہ طور پر اقدامات کئے جائیں گے۔ کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان نے کہا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے پنجاب حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے۔یہ ہم سب کا مشترکہ مسئلہ ہے جس کیلئے اجتماعی کاوشوں کو موثر انداز میں بروئے کار لانا ہو گا۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے کہا کہپنجاب حکومت نے آرٹیکل 245 کے تحت فوج سے مدد طلب کی ہے۔ پاک فوج نے ہمیشہ مشکل وقت میں قوم کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ عسکری اور سیاسی قیادت عوام کے تعاون سے کورونا چیلنج سے بطریق احسن نمٹے گی۔
’’گھر رہیں ، محفوظ رہیں‘‘ مہم کا افتتاح : شہری ذمہ داری نبھائیں: عثمان بزدار
Mar 24, 2020