کرونا: 192ممالک میں 15ہزار اموات : سعودی عرب رات کا کرفیو، مصری میجر جنرل ہلاک

Mar 24, 2020

بیجنگ+ روم+ میڈرڈ+ واشنگٹن+ تہران(شنہوا+ نیٹ نیوز+ صباح نیوز) دنیا بھر کے 192ممالک میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 15 ہزار ہوگئی جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 3 لاکھ 43ہزار 421 ہے۔ 97 ہزار 636افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔ اٹلی میں مزید 651 ہلاکتوں سے مجموعی تعداد 5676 ہوگئی ہے۔ سپین میں 1756، ایران میں 1685، برطانیہ میں 281 اور فرانس میں 674 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ امریکہ میں کرونا سے ایک روز میں 145 افراد ہلاک ہوئے اور مرنے والوں کی تعداد 414 ہو گئی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیو یارک کو آفت زدہ علاقہ قرار دے دیا ہے۔ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ کرونا ایک مشکل اور پیچیدہ دشمن ہے۔ اس کے خلاف جنگ میں جلد فتح حاصل کریں گے۔ ٹرمپ نے کہا کرونا وبا ظاہر ہوتے وقت چین کو ہمیں مطلع کرنا چاہئے تھا۔ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ کرونا کے متعلق امریکی مدد پر بھروسہ نہیں، ہم کرونا وائرس سمیت ہر قسم کے بحران پر قابو پا سکتے ہیں۔ آیت اللہ خامنہ ای نے شک کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شبہ ہے کہ وائرس امریکہ نے تخلیق کیا۔ تمام نئے کیسز ان افراد میں پائے گئے جو بیرون ملک سے سفر کر کے آئے تھے۔ سپین جہاں 22 مارچ کو کورونا نے مزید 393 زندگیاں نگل لیں جس کے بعد وہاں اموات کی تعداد ایک ہزار 772 ہو گئی ہے۔ فرانس میں بھی مزید 112ہلاکتوں کے بعد مجموعی تعداد 674 ہو گئی ہے جب کہ گزشتہ روز برطانیہ میں مزید 48 افراد ہلاک ہوئے۔ جس کے بعد یورپی یونین سے حال ہی میں علیحدہ ہونے والے ملک میں اموات کی کل تعداد 281 ہو گئی ہے۔ ایران میں بھی گزشتہ روز 129 افراد موذی وبا کے باعث چل بسے اور ہلاکتیں ایک ہزار 685 ہو گئی ہیں۔ سعودی حکومت نے آج سے ملک بھر میں کرفیو کے نفاذ کا حکم جاری کردیا۔ سعودی فرماں روا شاہ سلمان نے اتوار کے روز ایک شاہی فرمان جاری کیا جس میں پیر 23 مارچ کی شام سے ملک بھر میں کرفیو کے نفاذ کا اعلان کیا گیا۔ شاہی فرمان کے مطابق کرفیو 21 روز کے لیے نافذ کیا گیا ہے جس پر عملدرآمد 23 مارچ کی شام 7 بجے سے شروع ہوگا جو صبح 6 بجے تک جاری رہے گا۔کرونا کے کیسز 500 سے تجاوز کرنے کی اطلاع دینے کے بعد کیا گیا، سعودی عرب کی وزارت صحت نے اب تک ملک میں وائرس کے 511 کیسز کی تصدیق کی ہے۔ شاہی فرمان میں کرفیو کے دوران شہریوں کو اپنی حفاظت کے لیے گھروں میں رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔ سعودی وزارت داخلہ نے سرکاری ملازمین اور اہم شعبوں سے وابستہ افراد کو کرفیو سے مستثنیٰ قرار دیا ہے جب کہ بیکریز، سپر مارکیٹس، گوشت، سبزی اور لیبارٹریز بھی کھلی رہیں گی۔ چین میں مسلسل پانچویں روز بھی کورونا وائرس کا کوئی مقامی کیس سامنے نہیں آیا۔ چینی صحت حکام نے پیر کے روز کہا ہے کہ چینی مین لینڈ پر اتوار کو کرونا وائرس کے مقامی طورپر منتقل ہونے والے کسی کیس کی اطلاع نہیں ملی۔ قومی صحت کمیشن نے کہا ہے کہ اتوار کے روز چینی مین لینڈ میں نوول کرونا وائرس کے 39نئے مصدقہ کیسزکی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جو تمام تر درآمد شدہ کیسز ہیں۔ قومی صحت کمیشن نے کہا ہے کہ ان میں سے10 بالترتیب شنگھائی اور بیجنگ میں رپورٹ ہوئے اور 6بالترتیب فوجیان اور گوانگ ڈونگ صوبوں میں رپورٹ ہوئے، اسی طرح شان ڈونگ اور گانسو صوبوں میں 2 کیسز جبکہ صوبہ ژے جیانگ، صوبہ ہینان اور چھونگ چھنگ میونسپلٹی میں ایک ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔ اتوار کے اختتام تک چین میں مجموعی 353 درآمد شدہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اتوار کو چینی مین لینڈ میں 9 اموات اور47 نئے مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے۔ تمام اموات صوبہ ہوبے میں رپورٹ ہوئی ہیں۔ اتوار کو 459 مریضوں کو صحت یاب ہونے کے بعد ہسپتال سے فارغ کیا گیا جبکہ شدید بیمار افراد کی تعداد 96 کم ہوکر 1ہزار 749 ہوگئی ہے۔ کلینکل مشاہدے میں ظاہر ہوا ہے کہ چینی مین لینڈ پر کرونا وائرس کے مجموعی تصدیق شدہ کیسز کے 90 فیصد مریضوں کے علاج میں روایتی چینی طب (ٹی سی ایم) موثر ثابت ہوا ہے۔ متحدہ عرب امارات نے دو ہفتوں کے لیے تمام بین الاقوامی مسافر و ٹرانزٹ پروازیں معطل کر دی ہیں۔ اس فیصلے پر عملدرآمد آئندہ اڑتالیس گھنٹوں میں متوقع ہے۔ اس فیصلے سے دنیا کا مصروف ترین دبئی انٹرنیشنل ایئر پورٹ بھی متاثر ہو گا۔ مصر کی مسلح افواج کو کرونا وائرس نے ایک غیرمعمولی نقصان سے دوچار کیا ہے۔ مصری ذرایع ابلاغ نے بتایا کہ کرونا وائرس کا شکار ہونے والے مسلح افواج کے میجر جنرل خالد شلتوت چل بسے ہیں۔ مصری ذرائع ابلاغ کے مطابق میجر جنرل خالد شلتوت کی کرونا سے ہلاکت کے باعث فوج میں صدمے اور سوگ کی کیفیت ہے۔ گذشتہ دنوں مصری فوج نے لبریشن کمپلیکس، مرکزی چوکوں، شاہراہوں، سب ویز، میٹر ٹرین، جامعات، پارلیمنٹ ہائوس اور وزیراعظم ہائوس کی صفائی کاعمل شروع کیا تھا۔

مزیدخبریں