کرونا ‘ معاشی اثرات سے نمٹنے کیلئے اتحاد کی ضرورت: شجاعت ، پرویزالٰہی، مونس

لاہور/اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ وقائع نگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور مرکزی رہنما مونس الٰہی ایم این اے نے یوم پاکستان پر اپنے پیغامات میں کہا ہے کہ کورونا اور اس سے قومی معیشت پر ہونے والے سنگین اثرات سے نمٹنے کیلئے قوم کی صفوں میں اتحاد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی آفت پر قابو پانے کیلئے احتیاطی تدابیر پر عوام کو مکمل طور پر عمل کرنا چاہئے اور اس سلسلہ میں حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے کئے گئے اقدامات میں تعاون بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم پاکستان پر پوری قوم کو تحریک پاکستان والے جذبہ اور عمل کے مظاہرہ کا عزم اور عہد کرنا چاہئے جس کے ذریعہ برصغیر کے مسلمانوں نے صرف سات سال کے عرصہ میں پاکستان کے نام سے یہ خطہ ارض حاصل کر کے قائداعظم محمد علی جناحؒ کی عظیم قیادت میں ناممکن کو ممکن کر دکھایا تھا۔ انہوں نے کہاکہ جب کوئی قوم اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرتے ہوئے کچھ کرنے کا عزم کر لیتی ہے تو پھر اللہ کریم بھی اس کی مدد کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہئے کہ ہم رحمت خداوندی پر یقین کامل کرتے ہوئے اس وبائی آفت سے نجات حاصل کرنے کیلئے دنیاوی اقدامات کے ساتھ اللہ تعالیٰ کے حضور دعا بھی کریں۔ انہوں نے پاکستان مسلم لیگ کے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ کورونا سے بچنے کیلئے احتیاطی اقدامات کے بارے میں عوام کو زیادہ سے زیادہ آگاہ کرنے کیلئے اپنی مہم جاری رکھیں کیونکہ اس پر احتیاطی تدابیر سے ہی قابو پایا جا سکتا ہے۔#

ای پیپر دی نیشن