ملک کو کرونا سے بچانے کیلئے قوم کو قربانی دینا ہوگی:وقاریونس

Mar 24, 2020

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان ٹیم کے سابق کپتان اور موجودہ ٹیم کے باولنگ کوچ وقار یونس نے 23 مارچ پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ ہمارے بزرگوں نے بڑی قرباینوں کے بعد پاکستان کو حاصل کیا ہے، پاکستان کی تاریخ کا یہ سب سے بڑا دن ہے کیونکہ اس کی بنیاد 23 مارچ 1940ء کو رکھی گئی تھی۔ ہمارے بزرگوں نے اس دن فیصلہ کیا تھا کہ مسلمانوں کے لیے ایک الگ وطن حاصل کرنا ہے اور اس کے لیے تحریک کا آغاز کیا تھا۔ سات سال کے مختصر عرصہ میں پاکستان بنانے میں کامیاب ہو گئے تھے۔ وقار یونس کا کہنا تھا کہ ایک مرتبہ پھر ہمیں قربانی دینا پڑے گی کیونکہ کرونا ایک بہت بڑا ایشو ہے جسے شکست دینے کے لیے ہمیں اپنی مدد خود کرنے کے ساتھ ساتھ حکومت کی بھی مدد کرنا ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر سات سال میں ایک الگ وطن حاصل کر سکتے ہیں تو سات ہفتے لگا کو اس وبا سے بھی جان چھڑائی جا سکتی ہے۔ ہم سب کو حکومتی ہدایات پر عمل کرنا چاہیے۔ وقار یونس کا کہنا تھا کہ ہمیں ڈسپلن کے ساتھ یہ جنگ لڑنا پڑے گی میری عوام سے اپیل ہے کہ گھروں میں رہیں اور مشکل وقت میں حکومت کا ساتھ دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میر طرف سے پوری قوم کو 23 مارچ کا دن مبارک ہو اور لوگ گھروں میں رہ کر ہی اپنے پیاروں کی زندگیاں بچا سکتے ہیں۔ بلا ضرورت کہیں نہ جائیں اور رش والی جگہوں سے بچا جائے۔

مزیدخبریں