سعودی عرب : جزوی کرفیو کے سبب سڑکیں سنسان

Mar 24, 2020 | 15:05

ویب ڈیسک

سعودی عرب میں پیر کی شام سات بجے سے جزوی کرفیو کا اطلاق ہو گیا ہے۔

اس سے قبل سعودی وزارت داخلہ نے اعلان کیا تھا کہ کرفیو کی خلاف ورزی کرنے والے کو جرمانے اور جیل کی سزاؤں کا سامنا ہو گا۔ وزارت داخلہ کے مطابق پہلی مرتبہ جرمانے کی رقم 10 ہزار ریال ہو گی۔ خلاف ورزی دہرانے کی صورت میں یہ رقم دگنی ہو جائے گی۔ تیسری مرتبہ خلاف ورزی کے ارتکاب پر 20 روز کے لیے جیل بھیج دیا جائے گا۔

سعودی خبر رساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق وزارت داخلہ کے ایک ذمے دار ذریعے نے مملکت میں تمام شہریوں اور غیر ملکی مقیمین پر زور دیا ہے کہ وہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے عائد کیے گئے کرفیو کے حوالے سے ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔ کرفیو کا نفاذ پیر سے 21 روز کے لیے کیا گیا ہے۔ کرفیو کے اوقات شام 7 بجے سے صبح 6 بجے تک ہوں گے۔

مذکورہ ذریعے نے باور کرایا ہے کہ صحت عامہ کا حفظان مملکت کے شہریوں اور اس کی سرزمین پر مقیم افراد کے اہم ترین فرائض میں سے ہے۔ لہذا ان پر لازم ہے کہ وہ گھروں میں رہ کر اپنا یہ فریضہ پورا کریں اور اپنی جانوں اور وطن کو اس مہلک وبا کے خطرے میں نہ ڈالیں۔

مزیدخبریں