کراچی: وزیرِ اعلیٰ نے فیصلہ کیا ہے کہ مستحقین کی مدد کے لیے موبائل سروس شروع کی جائے گی جس کے تحت جسے مدد کی ضرورت ہو، وہ ایس ایم ایس کرکے مدد حاصل کرسکے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت آج کراچی میں صوبائی حکومت کا ایک اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں دہاڑی دار، مستحقین جو لاک ڈاؤن سے متاثر ہو رہے ہیں ان کی مدد کرنے کے حوالے سے یہ اہم فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں صوبائی وزراء، سیّد ناصر شاہ، سعید غنی (وڈیو لنک کے ذریعے)، مشیر قانون مرتضیٰ وہاب، معاونین خصوصی وقار مہدی، راشد ربانی، وزیراعلیٰ سندھ کے کوآرڈینیٹر حارث گزدر، خالد لطیف، چیف سیکریٹری ممتاز شاہ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ اور دیگر شریک ہوئے۔
اجلاس میں ایدھی فاؤنڈیشن کے سماجی رہنما فیصل ایدھی، چھیپا فاؤنڈیشن کے رمضان چھیپا۔ زندگی ٹرسٹ کے شہزاد رائے، جے ڈی سی فاؤنڈیشن کے ظفر عباس، میمن فاؤنڈیشن کے حنیف موتلانی، الخدمت کے نمائندے اور ڈی جی پی ڈی ایم اے سلمان شاہ شریک ہوئے۔
اس موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ مجھے فکر ہے کسی کا چولہا بند نہیں ہونا چاہئے۔مخیر حضرات غریب اور مستحق افراد کی مدد کریں۔یہ مشکل وقت ہے اور مشکل وقت قوموں پر آتا ہے۔ہمیں ایک دوسرے کو سنبھالنا ہے۔
گفتگو کے دوران وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ ہمیں عوام کی مدد تو کرنی ہے ۔لیکن اس میں خامی نہیں ہونی چاہئے۔ میں چاہتا ہوں یہ روزانہ دہاڑی دار اور مستحقین کی مدد مرکزی طور پر ہو تاکہ زیادہ سے زیادہ عوام کی مدد ہو سکے۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم ایک موبائل سروس شروع کر رہے ہیں۔ایک نمبر ہم عوام کو دینگے اور جس کو راشن چاہئے وہ ایس ایم ایس کردے۔ سعید غنی کے تجویز کیے ہوئے پروپوزل پر سب حاضرین تبادلۂ خیال کریں۔
انہوں نے کہا کہ اس پر جو بہتر تجویز ہوگی وہ ہم اختیار کرینگے۔اس عوام کی خدمت میں مخیر حضرات کو آگے آنا ہوگا جبکہ سندھ حکومت اِس نیک کام میں ہر ممکن مدد دے گی۔