قانون کی بالادستی کویقینی بنایا پاکستان ٹریک پر آگیا عمران

Mar 24, 2021

اسلام آباد (نامہ نگار) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ چودہ سو سال قبل رسول پاکﷺ نے ایک عظیم فلاحی ریاست کی بنیاد رکھی۔ ریاست مدینہ کی بنیاد قانون کی حکمرانی، قابلیت اور برداشت پر تھی۔ ریاست مدینہ میں علم کا حصول ایک عظیم ذمہ داری تھی۔ اپنے ٹوئٹر پیغام میں انہوں نے کہا کہ ان رہنما اصولوں پر عمل پیرا ہو کر مسلمان چند دہائیوں میں ہی  ایک عظیم قوم کے طورپر ابھر کر سامنے آئے اور انہوں نے کئی صدیوں تک پوری دنیا پر حکومت کی۔  انہوں نے کہا کہ مسلمانوں نے جب ان رہنما اصولوں سے دوری اختیار کی تو ان کی تہذیب زوال پذیر ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ 81 برس قبل قائداعظم نے مفکر پاکستان علامہ اقبال کے خواب اور ریاست مدینہ کے اصولوں کے مطابق ایک عظیم قوم بننے کے لئے راستہ بتایا لیکن ہم اپنی منزل پر نہ پہنچ سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس کی بنیادی وجہ قائد کے ویژن سے دوری ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آج پاکستان اپنے ٹریک پر واپس آ چکا ہے۔ ہم نے قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا ہے۔ احساس پروگرام اور صحت کارڈ کے ذریعے صحیح معنوں میں فلاحی ریاست قائم کی ہے۔ علاوہ ازیں نجی ٹی وی کے مطابق براڈ شیٹ سکینڈل کی تحقیقاتی رپورٹ وزیراعظم عمران خان کو پیش کر دی گئی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی قانونی ٹیم نے انہیں  رپورٹ پیش کی جس پر وزیراعظم نے رپورٹ کابینہ کے اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رپورٹ کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کی جائے گی اور کابینہ جائزہ لیکر رپورٹ پبلک کرنے کی منظوری دے گی۔ 

مزیدخبریں