لاہور، چناب نگر،ملتان‘ ڈیرہ غازیخان، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور (نیوز رپورٹر+ جنرل رپورٹر+بیورو رپورٹ+ علاقائی نمائندوں سے) لاہور سمیت مختلف شہروں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری سے نظام زندگی درہم برہم ہو کر رہ گیا۔ چناب نگر میں چھتیں‘ دیواریں گرنے سے 3 افراد جاں بحق‘ بھکر میں 2 افراد زخمی ہوگئے۔ پیر محل میں بجلی معطل‘ سینکڑوں پرندے ہلاک ہو گئے۔ چناب نگر سے نمائندہ خصوصی کے مطابق موضع جانی وڈے شاہ میں کمرے کی چھت گرنے سے شیر محمد نواحی علاقہ موضع ٹھٹھہ لونا میں کمرہ کی چھت گرگئی۔ ملبے تلے دب کر 70سالہ فتح بی بی جاں بحق ہوگئی۔ چناب نگر کے قریب ایک نامعلوم شخص جاں بحق ہوگیا۔ چھتیں و دیواریں گرنے سے 9 افراد زخمی ہو گئے۔ پیر محل سے نامہ نگار کے مطابق طوفانی بارش و ژالہ باری سے فصلیں تباہ، بجلی و ٹیلی فون کا نظام درم برہم، قبریں زمین بوس ہو گیئں اور سینکڑوں پرندے بھی ہلاک ہو گئے۔ راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کے بعد واسا نے شہر میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ مری‘ حسن ابدال سے نوائے وقت کے مطابق مری اور گلیات میں تیسرے روز بھی بارش اور ژالہ باری ہوئی۔ لینڈ سلائیڈنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ متعدد گھروں کی چھتیں اڑ گئیں اور درخت گرنے سے بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا۔ دینہ‘ جہلم اور گردونواح میں متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے۔ منڈی بہاؤ الدین میں موسلادھار بارش ہوئی۔ حسن ابدال میں بارش اور ژالہ باری ہوئی جس سے گندم کی فصل متاثر ہوئی۔ خیبر پی کے میں سیلابی ریلے سے پاک افغان شاہراہ بند ہو گئی۔ پشاور سے نوائے وقت رپورٹ کے مطابق پی ڈی ایم اے نے بارشوں سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی جس کے مطابق خیبر پی کے میں حالیہ بارشوں سے خاتون جاں بحق 6افراد زخمی ہو گئے۔ بارشوں سے 31 گھر جزوی اور دس گھر مکمل تباہ ہوئے۔ دیر اپر میں چار شمالی وزیرستان میں 6 گھر بارش سے تباہ ہوئے۔ لینڈ سلائیڈنگ سے بند سڑکیں کھولنے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔ بحرین کالام روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا۔ کمیر سے نامہ نگار کے مطابق چھت گر گئی اور 50 سالہ خاتون منظوراں بی بی زخمی ہوئی۔ حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ وہاڑی سے نامہ نگار کے مطابق متعدد مقامات پر مکانوں کی چھتیں گر گئیں۔ اڈا پیر مراد کی رہائشی دس سالہ میرب نور جان کی بازی ہار گئی جبکہ زخمی ہونے والے افراد کی تعداد 6 ریکارڈ ہوئی۔ اسلام آباد سے اے پی پی کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، شمالی و وسطی بلوچستان، کشمیر، بالائی سندھ اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ کالام، مالم جبہ اور استور میں برف باری بھی ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق (آج) بدھ کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک، بلند پہاڑوں پر برف باری کی توقع ہے۔ گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش پنجاب میں ٹوبہ ٹیک سنگھ میں66 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ اسلام آباد سے نیوز رپورٹر کے مطابق محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب میں صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت گوجرانوالہ، گجرات،راولپنڈی، گوجرہ، ساہیوال، بورے والا، عارف والا، ملتان، ڈیرہ غازی خان، بند بوسن، لودھراں اور دیگر علاقوں میں گزشتہ رات سے ہونے والی بارش اور ژالہ باری نے جل تھل کر دیا۔ لاہور سے نیوز رپورٹر کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور سمیت پنجاب کے بعض شہروں میں آندھی اور بارش کے باعث حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس، لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔ ڈیرہ غازی خان سے بیورو رپورٹ اور نمائندوںکے مطابق طوفان بادو باراں اور ژالہ باری نے تباہی مچا دی۔ چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے کے واقعات میں 2 بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق‘ متعدد زخمی ہو گئے۔ ڈیرہ غازی خان میں کرنٹ لگنے سے دو نوجوان محمد زبیر اور محمد فہیم جاں بحق گئے۔ پشاور سے بیورو رپورٹ کے مطابق موسلادھار بارشوںکے باعث بی آر ٹی سروس بھی عارضی طور پر بند کر دی گئی۔ خیبر بازار میں بی آر ٹی سٹاپ کے قریب سڑک دھنس گئی۔ پشاور میں بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبہ بارش برداشت نہ کر سکا اور متعدد سٹیشن کی چھتوں سے پانی ٹپکنے اور بارش کا پانی سٹیشن کے اندر داخل ہونے کی اطلاعات ملیں۔
بارش، ژالہ باری، چھتیں، دیواریں گرنے، کرنٹ سے 10 افراد جاں بحق
Mar 24, 2021