نصرت بھٹو کا 93 واں یوم پیدائش، تقریبات، کیک کاٹے گئے، خراج عقیدت

Mar 24, 2022

لاہور (نامہ نگار) بیگم نصرت بھٹو کے 93 ویں یوم پیدائش کے موقع پر پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام سالگرہ اورکیک کاٹنے کی تقریبات ہوئیں۔ لاہور میں جوڈیشل کالونی رائیونڈ روڈ پر بیگم نصرت بھٹو کی 93ویں سالگرہ پر کیک کاٹنے کی تقریب ہوئی۔ بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان ذوالفقار علی بدر نے شرکت کی۔ ذوالفقار علی بدر نے کہا کہ ظلم اور جبر کے خلاف مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی جدوجہد تاریخ کا حصہ ہے۔ پاکستان کے متفقہ آئین کے تحفظ اور جمہوریت کو مضبوط بنانے کی جدوجہد میں بیگم نصرت بھٹو کا نام ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے مثال قائم کی خواتین کو کبھی کسی آمر کے سامنے جھکنا نہیں چاہئے۔ عمران خان سپیکر کیساتھ مل کر آئین شکنی کر رہے ہیں۔ او آئی سی کانفرنس کا سہرا ذوالفقار بھٹو کو جاتا ہے۔ چودھری منور انجم نے کہا مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی ملک اور جمہوریت کیلئے قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ تقریب میں محمد نوید چوہدری، نیلم جبار، حافظ غلام محی الدین، بشریٰ ملک، چودھری سجاد نزیر، راؤ شجاعت، زاہد ذوالفقار، عامر نصیر بٹ، یاسمین فاروق، نادیہ شاہ، احمد رضا اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ نیلم جبار نے کہا کہ نصرت بھٹو نے اس وقت پارٹی کو سنبھالا جب پارٹی کے لئے بڑا مشکل دور تھا، ضیاء دور میں نصرت بھٹو پر تشدد ہوا، آج تجدید وفا کا دن ہے۔ حافظ غلام محی الدین نے کہا نصرت بھٹو عزیز لیڈر تھیں، زاہد ذوالفقار نے کہا کہ نصرت بھٹو کا خاندان ان کی زندگی میں ہی شہید ہوا، بھٹو خاندان نے جو قربانی دی کسی اور پارٹی نے نہیں دی۔ آصف زرداری اور بلاول بھٹو مہنگائی کے خلاف باہر نکلے ہوئے ہیں۔ وہ سب سے آگے ہیں، آنے والا وقت پی پی پی کا ہے۔

مزیدخبریں