اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے صحت، تعلیم، ادب، فنون لطیفہ اور انسداد دہشت گردی سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات پر ملکی اور غیر ملکی شخصیات کو یوم پاکستان کے موقع پر سول اعزازات سے نوازا ہے۔ بدھ کو یہاں ایوان صدر میں اس حوالہ سے ایک خصوصی پر وقار تقریب میں نشان امتیاز حاصل کرنے والوں میں محمد نعیم، نذر محمد راشد (ن م راشد مرحوم) اور مجید امجد (عبدالمجید مرحوم) شامل ہیں۔ ہلال امتیاز حاصل کرنے والوں میں ڈاکٹر انعام الرحمان، ڈاکٹر قمر محبوب، طاہر اکرام، روحیل حیات اور کشور ناہید شامل ہیں۔ تقریب میں ملائیشیا سے تعلق رکھنے والے محمد عازمی عبدالحامد اور اومان سے تعلق رکھنے والے شیخ احمد بن حماد الخلیلی کو ستارہ پاکستان کے اعزاز سے نوازا گیا۔ ستارہ شجاعت کا اعزاز حاصل کرنے والوں میں محمد بخش برڈو، ریشماں برڈو اور بریگیڈیئر شفیع اللہ خان شامل ہیں۔ ڈاکٹر سید حسین امام عابدی، راشد رانا، سید عقیل بلگرامی، محمود الحق علوی (مرحوم) اور سلمان اقبال کو ستارہ امتیاز سے نوازا گیا ہے۔ صدارتی اعزاز برائے حسن کارکردگی حاصل کرنے والوں میں سید تجمل حسین، پروفیسر ڈاکٹر یاسر ایاز، شکیلہ ناز اور عرفان اللہ جان شامل ہیں۔ چوہدری خالد محمود (ناروے) کو ستارہ قائداعظم کے اعزاز سے نوازا گیا ہے۔ تمغہ شجاعت حاصل کرنے والوں میں محمد اکبر خان، آنجہانی اقبال مسیح، عبدالغفار شیخ شہید، ضیاء حسین شہید، تبسم شبیر اعوان، عرفان احمد خان درانی، اسد اللہ قریشی، محمد علی، احمد علی، صادق حسین، نور الدین، ملک دارا خان شہید، محمد رحیم شاہ، محمد سعید شاہ، محمد ولید صابر خان، وقار احمد، عبدالقہار خان، جمیل احمد کلہوڑو اور عدنان ملک شامل ہیں۔ تمغہ امتیاز حاصل کرنے والوں میں پروفیسر ڈاکٹر محمد عابد، مومنہ درید قریشی اور اسد محمود شامل ہیں۔ مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات پر سول اعزازات دینے کے حوالے سے تقریبات صوبائی دارالحکومتوں میں بھی منعقد ہوئیں، جن میں متعلقہ صوبوں کے گورنرز نے صدر مملکت کی جانب سے اعزازات دیئے۔