سرینگر(کے پی آئی ) مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھی بدھ کویوم پاکستان بھرپور طریقے سے منایا گیا اس موقع پر سبز ہلالی پرچم لہرائے گئے جبکہ مجاہدین نے پاکستان کے قومی پرچم کو سلامی دی ،میڈیا رپورٹس کے مطابق سرینگر اور وادی کے دیگر مقامات پر لوگوں نے پاکستان کے قومی پرچم لہرائے جبکہ کشمیری مجاہدین نے اپنی کمین گاہوں پر مسلح پریڈمیں پاکستانی پرچم کو سلامی دی ،جبکہ پاکستان کی سلامتی و خوشحالی اور کشمیر کی آزادی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں، سرینگر اور دیگر علاقوں میں مبارکباد کے پیغامات والے بینرز بھی لگائے گئے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ماس موومنٹ کی سربراہ فریدہ بہن جی نے یوم پاکستان پر پوری پاکستانی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے۔ انہوں نے اسلام آباد میں او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کے 48 ویں اجلاس کے انعقاد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پورے عالم اسلام کی نظریں پاکستان پر لگی ہوئی ہیں اور امت مسلمہ کو امید ہے کہ او آئی سی کانفرنس کشمیر اور فلسطین کے مظلوم عوام کی آواز بنے گی۔ دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کے شہر سرینگر کے بلوچی پورہ زونی مرصورہ علاقے میں عسکریت پسندوں نے دن دھاڑے فائرنگ کر کے ایک پولیس اہلکار کو ہلاک کیا۔ پولیس نے کہا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملی ٹینٹ بھی زخمی ہو کر فرار ہوا۔ دریں اثنا ء شوپیاں سے تین افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے جن کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرنے کا دعوی کیا گیا ،علاوہ ازیں یوم پاکستان کے موقع پر سرینگر سمیت وادی کے دیگر مقامات پر سیکورٹی مزید سخت کردی گئی تھی جگہ جگہ فوجی دستے گشت کررہے تھے ،جبکہ لوگوں کی تلاشیوں کا سلسلہ تیزکردیا گیا تھا ۔ علاوہ ازیں ضلع کولگام میں ایک 34 سالہ نوجوان پراسرار حالت میں مردہ پایا گیا۔
بھارت کے غیر قانونی قبضے والے کشمیر میں سبز پرچموں کی بہار ، مبارکباد کے بینرز آویزاں
Mar 24, 2022