نوائے وقت کی 82ویں سالگرہ کی پر وقار تقاریب اور سیاسی و قومی قیادت کے پیغامات

رفیق سلطان

23 مارچ 1940ء وہ روز سعید ہے جس روز منٹوپارک میں قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں دو قومی نظریہ کی بنیاد پر قرارداد پاکستان منظور ہوئی اور اس روز بانی پاکستان قائداعظم کی ہدایت پر حمید نظامی نے نوائے وقت اخبار کا اجراء کیا۔ جو بہت کم عرصہ میں برصغیر پاک و ہند کے مظلوم مسلمانوں کی توانا اور مؤثر آواز بن گیا اور اس نے تحریک پاکستان اور استحکام پاکستان میں جو لازوال کردار ادا کیا وہ تاریخ کا روشن باب ہے۔ حمید نظامی کے بعد نوائے وقت مجید نظامی کی زیرسرپرستی یہ گھنا اور تن آور برگد بن گیا اور نصف صدی سے زائد عرصہ ان کی زیر ادارت اس نے کامیابی کی معراج حاصل کی اور ان کی رحلت کے بعد ان کی اکلوتی صاحبزادی ایم ڈی محترمہ رمیزہ مجید نظامی انہی کے نقش قدم پر اسے نہایت خوش اسلوبی اور کامیابی سے چلا رہی ہیں۔ 23 مارچ کو نوائے وقت کی سالگرہ کی تقریبات چاروں سٹیشنز لاہور، کراچی، اسلام آباد، ملتان میں نہایت تزک واحتشام سے منائی گئیں جبکہ سیاسی و قومی قیادت نے بھی اپنے تہنیتی پیغامات ارسال کئے جن کی تفصیل درج ذیل ہے۔
نوائے وقت گروپ کی ٹیم نے ڈائریکٹر جنرل آپریشنز لیفٹیننٹ کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری ، تمغہ امتیاز کی قیادت میں مینار پاکستان کے سائے تلے قرار دار پاکستان اور نوائے وقت کی مشترکہ طور پر 82 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا۔ تقریب میں ڈائریکٹر پراجیکٹ محمد اطہر ، ڈائریکٹر ریکوری محمد اختر، ڈائریکٹر مارکیٹنگ بلال محمود ،منیجر ہیومین ریسورسز شفیق سلطان ، جی ایم فنانس عماد صدیقی ، ایڈیٹر میگزین خالد بہزاد ہاشمی ، چیف رپورٹر ندیم بسرا ، سپیشل کارسپونڈنٹس فیصل ادریس بٹ و خاور عباس سندھو اور بزنس منیجر عامر ادریس نے شرکت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے لیفٹیننٹ کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری نے کہا کہ 23 مارچ 1940 کوحصول پاکستان کے  سلسلے میں عین اس مقام پر ایک قرارداد پیش کی گئی جسے تاریخ میں قرارداد پاکستان کا نام دیا گیا ۔ 1940 میں ہی قائداعظم محمد علی جناح کی خصوصی ہدائت پر حمید نظامی مرحوم نے نوائے وقت کااجراء کیا۔ حمید نظامی مرحوم کے بعد مجید نظامی مرحوم نے یہ علم تھاما اور نظریاتی سرحدوں کے تحفظ کے لئے بے مثال خدمات سرانجام دیں۔حمید نظامی و مجید نظامی کے بعد اب رمیزہ مجید نظامی کی رہنمائی میں دوقومی نظریہ اور نظریاتی سرحدوں کے تحفظ کے لئے نوائے وقت کا مثالی کردار برقرار ہے ۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ رمیزہ مجید نظامی کی قیادت میں نظریاتی سرحدوں کے تحفظ کا فریضہ پورے استقلال اور عزم کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔ اس موقع پر پی ایچ اے کے مینار پاکستان پر پراجیکٹ ہیڈ حافظ ابرار کی طرف سے مہمانوں کی تواضع کی گئی۔

روزنامہ نوائے وقت کی 82 ویں سالگرہ کے موقع پر ملتان آفس میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ریجنل پولیس آفیسر ملتان جاوید اکبر ریاض ،وائس چانسلر بہاء الدین زکریا یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی ،نشتر میڈیکل یونیورسٹی ملتان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف نے خصوصی شرکت کی اور نوائے وقت ملتان کے اسٹیشن ہیڈ میاں غفار کے ہمراہ سالگرہ کا کیک کاٹا، چیف رپورٹر فرحان انجم ملغانی اور میگزین انچارج گلناز نواب بھی موجود تھیں۔ اس موقع پر جنرل پولیس آفیسر ملتان جاویداکبر ریاض نے ادارہ نوائے وقت کی ترقی کے لئے دعا بھی کروائی بہاء الدین زکریا یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی نے نوائے وقت کی سالگرہ پر نیک خواہشات کا اظہارکیا۔
 
صدر مملکت  ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ روز نامہ نوائے وقت نے اپنے اجراء کے  بعد82 سال  مکمل کر لئے ہیں  جو  ادارے کے لئے بہت فخر کا مقام ہے ، نوائے وقت نے خود کو نظریہ پاکستان کے ساتھ وابستہ رکھا  اور ملک کی نظریاتی اساس کی حفاظت کے لئے کو ئی دقیقہ فرو گزاشت نہیں کیا ،یہ امر باعث اطمینان ہے کہ حمید نظامی مرحوم نے23مارچ1940کو  نوائے وقت کی بنیاد رکھی تھی ،یہ وہی روز ہے جب لاہور میں قرار داد پاکستان منظور کی گئی تھی ،اس کے بعد ڈاکٹر مجید نظامی مرحوم نے ادارے کی آبیاری کی اور معمار نوائے وقت کہلائے،ان کی رحلت کے بعدر میزہ مجیدنظامی کی سربراہی میںادارہ ترقی کی منزلیں طے کر رہا ہے،میں روز نامہ نوائے وقت  اور اس کے کارکنوں کوادارے کی82ویں سالگرہ پر  مبارک باد دیتا ہوں اورا ور اس کی ترقی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔

سابق صدر مملکت اور صدر پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز آصف علی زرداری نے روزنامہ نوائے وقت کی سالگرہ کے موقع پر روزنامہ نوائے وقت کی انتظامیہ اور کارکنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی آزادی صحافت اوراظہار رائے کی آزادی کے حق کی حمایت جاری رکھے گی۔ اپنے بیان میں آصف علی زرداری نے نوائے وقت کے بانی مرحوم حمید نظامی اور مجید نظامی کی آزادی صحافت کے لئے کی جانے والی خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج مختلف حربوں سے میڈیا کو کنٹرول کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ سچائی کو دبایا جا سکے۔ پاکستان پیپلزپارٹی ایسی مذموم سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے آزادی صحافت کے علمبرداروں اور کارکنوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

صدرپاکستان مسلم لیگ و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین،  سابق وزیراعلیٰ اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے نوائے وقت کی 82 ویں سالگرہ پر اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ نوائے وقت پاکستانی قوم کے جذبات کا ترجمان ہے اور حمید نظامی کے بعد مجید نظامی  نے جس طرح اپنے خون سے اس کی آبیاری کی وہ ملکی تاریخ کا روشن باب ہے اور اب ان کی صاحبزادی محترمہ رمیزہ مجید نظامی  اس ذمہ داری کو بہت عمدگی اور ذمہ داری سے نبھا رہی ہیں چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ ملک کو مسائل کی گرداب سے نکالنے کیلئے ہمیشہ 23 مارچ 1940ء والے جذبے اور کوششوں کی ضرورت ہے تمام سیاسی جماعتوں کو اختلافات کو بھلا کر ایک مشترکہ لائحہ عمل اپنایا ہو گا ملکی دفاعی اداروں اور پاکستان کی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملکی بقاء کی خاطر جو قربانیاں دی ہیں انہیں فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
 
سابق وزیر اعظم و سینٹ میں قائد حزب اختلاف سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان کا قیام بڑی جدوجہد اور قربانیوں کے بعد عمل میں آیا ہے۔  پاکستان کے قیام میں روزنامہ نوائے وقت کا بھی انمٹ کردار رہا ہے۔ جناب حمید نظامی اور جناب مجید نظامی کی اخبار کے زریعے نظریاتی سرحدوں کی گئی حفاظت قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔بانی نوائے وقت جناب حمید نظامی اور معمارنوائے وقت جناب مجید نظامی مرحوم کے بعد اب محترمہ رمیزہ مجید نظامی کی قیادت میں یہ ادارہ نظریہ پاکستان کا محافظ ہے جو بااصول اور غیر جانبدرانہ صحافت کے ذریعے قوم کی رہنمائی کررہاہے۔

سابق وزیر اعظم مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ‘‘
'' روزنامہ نوائے وقت ''ایک نظریاتی اخبار ہے اور اعلی صحافتی اوصاف کا علمبردار ہے نوائے وقت نے ہمیشہ ''نظر یہ پاکستان'' کا دفاع کیا ہے روزنامہ نوائے وقت کی بیاسویںسالگرہ کے موقع پر مدیر اعلیٰ سمیت تمام ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ صحافت کی دنیا میں ''روزنامہ نوائے وقت ''اپنا ایک منفرد مقام رکھتا ہے جس کی کوئی مثال نہیں۔

وزیر خارجہ پاکستان شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ روزنامہ نوائے وقت  نظریہ پاکستان اور ملکی سرحدوں کا محافظ رہاہے اور  پاکستان آج امت مسلمہ کے اگر بہترین ملکوں میں سے ہے تو اس کی وجہ 23 مارچ کی قرارداد پاکستان ہے جس کی بنیاد پر پاکستان بنا . ہم نوائے وقت کا کردار  بھی ہرگز فراموش  نہیں کر سکتے جسکی وجہ سے برصغیر پاک و ہند میں دو قومی نظریہ کا احیاء ممکن ہوا۔ آج بھی نوائے وقت ہی دو قومی نظریے کا بھرپور تحفظ کر رہا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جناب حمید نظامی مرحوم نے جس جرأت کے ساتھ نوائے وقت کا آغاز کیا اور قیام پاکستان کی جدوجہد میں پیش پیش رہے وہ بہت بڑا کارنامہ تھا قیام پاکستان کے بعد بھی وہ بیباک صحافت کی جانب گامزن رہے ان کے بعد جناب مجید نظامی مرحوم روزنامہ نوائے وقت کو اپنی شبانہ روز محنت سے ترقی کی منازل پرلے گئے اور روزنامہ نوائے وقت پاکستان کی نظریاتی طاقت کا امین ادارہ بنایا اور نوائے وقت کی صحافت جرأت و بیباکی میں قوم کی آواز بن گئی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ محترمہ رمیزہ مجید نظامی کی زیر ادارت روزنامہ نوائے وقت ترقی کی بے مثال منازل طے کرے گا۔

گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے نوائے وقت کی بیاسویں سالگرہ کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ نوائے وقت اور 23 مارچ ہمارا اثاثہ ہیں۔82 برس قبل 23 مارچ کو نوائے وقت کا اجراء کیا گیا اور آج تک نوائے وقت اپنی اساس پر قائم ہے۔پاکستان کے عوام جانتے ہیں کہ یوم پاکستان اور قیام پاکستان میں نوائے وقت نے اہم کردار ادا کیا ہے۔نوائے وقت نے تحریک پاکستان کے کارکنان ،ہمارے مشاہیر، ہیرو ز کو ہمیشہ یاد رکھا ہے۔ کشمیر کا معاملہ ہو یا ہمارے برادر ملک بنگلہ دیش یا فلسطین کی بات ہو نوائے وقت نے ہمیشہ قومی امنگوں کی ترجمانی کی ہے ۔مجید نظامی مرحوم کے بعد رمیزہ مجید نظامی نے نوائے وقت کو انہیں کی پالیسیوں پر چلا رہی ہیں اس کیلئے رمیزہ مجید نظامی مبارکباد کی مستحق ہیں۔


وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے نوائے وقت کی بیاسویںسالگرہ کے موقع پرخصوسی پیغام میںکہا کہ نوائے وقت ہمیشہ حق سچ کی بات کرتا ہے۔ نوائے وقت نے کبھی بھی آمریت کو سپورٹ نہیں کیا ، ہمیشہ جمہوریت کی بات کی ہے۔ہمارے ازلی دشمن بھارت کی مکارانہ چالوں کو ہمیشہ نوائے وقت نے آڑے ہاتھوں لیا۔ حمید نظامی مرحوم اور مجید نظامی مرحوم کے بعد ایم ڈی نوائے وقت گروپ رمیزہ مجید نظامی نے بھی نوائے وقت کی نظریاتی ساکھ کو بحال رکھا۔ وہ نوائے وقت کی آبیاری کر رہی ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے نوائے وقت کی سالگرہ پر اپنے پیغام میں کہا   ادارہ نوائے وقت اور اس کے تمام منتظمین ، وابستگان اور قارئین کرام کو کامیاب اشاعت کا ایک اورسنگ میل عبور کرنے پر دل کی گہرائیوں سے مبارک پیش کرتا ہوں۔ ابلاغی محاذ پر یہ نظریاتی مورچہ بابائے قوم حضرت قائداعظم محمد علی جناح نے قائم کیا تھا۔ تحریک پاکستان اور دوقومی نظریہ کا یہ پرچم انہوں نے نوجوان اور باعزم حمید نظامی کے ہاتھ میں تھمایا تھا جو اپنی آخری سانس تک تحریک پاکستان کے مخلص مجاہد کے طور پر ڈٹے رہے۔ دارفانی سے رخصت ہوتے وقت یہ ذمہ داری مرددرویش مجید نظامی صاحب کے سپرد کرگئے جنہوں نے یہ فرض پوری تندہی، بے جگری اور نظریاتی آن بان شان کے ساتھ انجام دیا۔ یہ بزرگ بلاشبہ ہمارے ہیروز ہیں۔ اور نوائے وقت نظریہ پاکستان کی وہ شمع ہے جو ہر آندھی اور طوفان میں روشن رہی جس نے قوم کو نظریاتی اندھیروں میں ٹھوکریں کھانے سے بچانے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے روزنامہ نوائے وقت کی 82  ویں سالگرہ پر دیئے گئے  خصوصی پیغام میں کہا کہ نوائے وقت پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کا محافظ اخبار ہے جس کی بنیاد 23 مارچ 1940ء کو بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی خواہش پر رکھی گئی تھی۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی آزادی صحافت کی علمبردار ہے اور ہمیشہ جمہوری عمل اور تحریر و تقریر کی  آزادی  کی حامی رہی ہے۔ آمریت کے تاریک دور میں بحالی جمہوریت اور آزادی صحافت کے لئے صحافیوں کی قربانیاں ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔ جس کے سبب ملک میں گھٹن کی فضا ختم ہوئی اور عوام کو آزادانہ فضا میں سانس لینا نصیب ہوا‘

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے روزنامہ نوائے وقت کی سالگرہ پر نوائے وقت کی انتظامیہ اور کارکنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے ادارے کی ترقی کے لئے دعا کی ہے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ موجودہ حکومت مختلف حربوں سے آزادی صحافت اور آزادی اظہار رائے پر پابندی لگار ہی ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی حکومت کی ان سازشوںکے خلاف آواز بلند کرتی رہے گی۔ روزنامہ نوائے وقت سالگرہ کے موقع پر میں روزنامہ نوائے وقت کی انتظامیہ اور کارکنوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

روزنامہ نوائے وقت کی بیاسویں سالگرہ کے موقع پراپنے ایک خصوصی پیغام میں مولانا فضل الرحمن  نے کہا ہے کہ صحافت کی دنیا میں روزنامہ نوائے وقت اپنا ایک منفرد مقام رکھتا ہے جس کی کوئی مثال نہیں نوائے وقت اخبار بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح مفکر ملت علامہ محمد اقبال اور تحریک آزادی کے تمام کارکنان کی خدمات سے بھی قوم کو وقتا فوقتا روشناس کراتا رہتا ہے جو کہ کسی اور ادارے کی ریت نہیں یہ ایک قابل تقلید کام ہے اسلاف کی خدمات اور قربانیوں کے حوالے سے نوائے وقت اخبار گراں قدر خدمات قابل تحسین ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہبازشریف نے اپنے پیغام میں روزنامہ نوائے وقت کی 82 ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ نوائے وقت ہمیشہ نظریہ پاکستان اور ملکی نظریاتی سرحدوں کے تحفظ کیلئے کام کرتا رہا ہے جو یقیناً قابل ستائش ہے۔ قیام پاکستان کیلئے نوائے وقت کی کاوشیں ناقابل فراموش ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نظریہ پاکستان کے تحفظ کیلئے نوائے وقت کی کوششیں جاری رہیں گی۔

 روزنامہ نوائے وقت کی 82 ویں سالگرہ کے موقع پر مرکزی سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف و وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے  خصوصی تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ روزنامہ نوائے وقت اور اس کی پوری ٹیم کو 82 ویں سالگرہ کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ 82 ویں سالگرہ کے موقع پر دعا گو ہوں کہ رب العزت چیف ایڈیٹر محترمہ رمیزہ مجید نظامی کی زیر ادارت روزنامہ نوائے وقت کو دن دوگنی رات چوگنی ترقی عطا فرمائیں۔ آمین

وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیری مزاری نے کہا ہے کہ نوائے وقت پاکستان کا ایک نظریاتی وقومی اخبار ہے 23 مارچ پاکستانی تاریخ کا اہم ترین دن ہے اور اسی دن نوائے وقت کی سالگرہ بھی ہے، میںنوائے وقت انتظامیہ بالخصوص رمیزہ مجید نظامی اور پورے سٹاف کو82ویں سالگرہ پر دلی مبارک باد پیش کرتی ہوں۔ صحافنی اقتدار میں اور ملکی خدمت میں نوائے وقت ہمیشہ پیش پیش رہا ہے۔اپنی اشاعت کے دوران اس نے ہمیشہ جمہوری اقتدر کے فروغ کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کیا،

وفاقی وزیرمواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ میں نوائے وقت کو82سال ہونے پرمبارک باد پیش کرتا ہوں جس طرح انہوں نے پاکستان کے عوام اور اداروں کے ایشوز پر نظر رکھی صحافت کی آزادی کے لیے جو ان کی جدو جہد ہے جو کردار ادا کیا عوامی ایشوز کو ہائی لائٹ کرنے میں اسے خرا ج تحسین پیش کرتا ہوں۔


پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و سینیٹر اعجاز چودھری نے نوائے وقت کی 82 ویں سالگرہ کے موقع پر کہا ہے کہ نوائے وقت صرف ایک اخبار ہی نہیں بلکہ ایک نظریہ ہے۔ نوائے وقت واحد اخبار ہے جس نے نظریہ پاکستان کو اجاگر کیا اور اسکی حفاظت کا ذمہ بھی اٹھایا ہے۔ نوائے وقت کے بانی حمید نظامی مرحوم اور معمار صحافت مجید نظامی مرحوم نے ہمیشہ یوم پاکستان 23 مارچ کے حوالے سے قوم کو با خبر رکھا۔

وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکشن سید امین الحق نے کہا ہے کہ صحافتی اقتداراورملکی خدمت میں ''نوائے وقت  ''ہمیشہ  ایک قدم آگے رہا ہے نوائے وقت نے بھارت کے مذموم مقاصدکوبے نقاب کرنے اورکشمیریوںپرجاری ظلم وستم کیخلاف بھی ہمیشہ آوازاٹھائی ہے انہوں نے نوائے وقت کی 82ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔  نوائے وقت انتظامیہ بالخصوص رمیزہ مجید نظامی اورتمام  اسٹاف کو ادارے کی سالگرہ پردلی مبارکبادپیش کرتا ہوں۔

سی ای او سکائی ونگز عمران اسلم نے کہا ہے کہ روزنامہ نوائے وقت اردو صحافت میں سب سے پرانا اخبار ہے، جس نے پاکستان کی تاریخ میں جرنلزم کی اصل روح کے مطابق ایک آزاد صحافت کی، مشکل ترین حالات میں بھی جب سنسر شپ کی پابندیاں تھیں اس وقت بھی نوائے وقت نے عوام کی آوا ز بلند رکھی، ہمیشہ صحافتی اقدار کو توازن میں رکھا۔

ای پیپر دی نیشن