گوجرانوالہ( نمائندہ خصوصی)کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن احسان بھٹہ نے کہا ہے کہ 23 مارچ کا تاریخی دن قیام پاکستان کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور آزاد فضائوں میں سانس لینے والے ہر پاکستانی کا فرض ہے کہ وہ آبا اجداد کی ان ناقابل فراموش اور لازوال قربانیوں کو بھی یاد رکھے جنہوں نے تحریک پاکستان کے رہنماں بالخصوص بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال کی رہنمائی میں اس پاک سرزمین کے حصول کا خواب پورا کردکھایاانہوں نے ان خیالات کا اظہار سنٹرل جیل گوجرانوالہ میں قیدیوں کو دی جانے والی سہولیات کے جائزہ اور انہیں درپیش مسائل سے آگاہی کے حوالے سے اپنے دورہ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ جیل سپرنٹنڈنٹ شاہد بیگ اور دیگرافسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔کمشنر نے کہا کہ بلا شبہ قیدیوں سے بڑھ کر آزادی کا احساس کسی کو نہیں ہوسکتا اور جیلوں میں بند تمام قیدیوں کو معاشرے کا کارآمد اور قانون پسند شہری بنانا حکومت پنجاب کی اہم ترجیحات میں سے ہے، قیدیوں کودینی اخلاقی اور فنی تعلیم و تربیت جیل قوانین کے مطابق کھانا طبی ودیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہاہے۔کمشنر نے مختلف بارکوں جیل ہسپتال قیدیوں کو دئیے جانے والے کھانے کے معیار کمپیوٹر اور تعلیمی وفنی سہولیات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے قیدیوں کے مسائل سن کر انہیں قوانین کے تحت حل کئے جانے کی بھی یقین دہانی کرائی۔