یومِ پاکستان وہ خیال جو پاکستان کے وجود کا سبب بنا ہمارے بزرگوں نے بہت سی قربانیوں اور جدو جہد کے بعد اس پاک نعمت کو حاصل کیا جس نے ہمیں آزاد فضائوں میں اڑان بھرنے اور سانس لینے کا موقع دیا آزادی ایک بہت بڑی نعمت ہے اس میں کوئی شک کی بات نہیں اگر آج ہم اپنے کشمیری اور فلسطینی بھائیوں کی طرف دیکھیں تو لاکھ شکر ادا کرنا چاھئے کہ ہم آزاد ہیں۔ اور دشمن کو ہماری یہی خوشی اور نعمت کھٹکتی ہے۔ جس کی وجہ سے وہ کوئی بھی شرارت کا موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتا۔ بحیثیت قوم ہمارا فرض ہے کہ ہم اپنے ملک و قوم کی سالمیت اور ترقی کے لئے بھر پور کردار ادا کریں ۔ اسکے ساتھ وطنِ عزیز کے دفاع کے لئے افواج کا کردار بھی قابلِ ستائش ہے۔
مادرِ وطن کے دفاع اور سا لمیت کے لئے پاک بحریہ ہر لمحہ کوشاں ہے۔ وطن عزیز کا مفاد اور بحری حدود کا تحفظ ملکی ترقی اور معاشی استحکام کے لئے نا گزیر ہے۔ سفارتی تعلقات یا عالمی فورم پر پاکستان کی نمائندگی ہو یا پیشہ وارانہ امور میں اعلیٰ کار کردگی کا مظاہرہ پاک بحریہ ہر وقت تیار ہے۔ اسکاثبوت حالیہ دنوں میں ہمارے پڑوسی بھارت کی جدید اسلحہ اور سینسرز سے لیس آبدوز کی ڈیٹیکشن ہے جو اس بات کاثبوت ہے کہ ہماری مسلح افواج ملکی دفاع کے لئے دن رات کڑی نگرانی پر مامور ہیں۔
پاک بحریہ کو عہدِ حاضر اور بحری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا انتہائی اہم جیت ہے اور طاقت کے توازن اور خطے میں قیام ِ امن کے لیے موثر کردار ادا کرنے کے لئے پاک بحریہ جدید جہازوں اور ائیر کرافٹس کو اپنے بیڑے میں شامل کرنے میں مصروفِ عمل ہے۔ گو کہ عددی طاقت جنگ میں کا میابی کی ضامن نہیں مگر دشمن پر دھاک جمائے رکھنے کے لئے ہر وقت تیار رہنا ہی ایک مضبوط اور منظم فوج کی نشانی ہے۔ پاک بحریہ کے جہاز طغرل کی پاک بحریہ کے بیڑے میں شمولیت اور حالیہ میزائل فائرنگ پاک بحریہ کے عزم، جراٗت اور مادرِ وطن کے مضبوط دفاع کا عملی نمونہ ہے۔ دشمن اس بات کو اچھے سے جان لے کہ ہم اپنی خوداری اور آزادی پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ ہماری مسلح افواج خواہ بری فضائی یا بحری سب اپنے اپنے محاذ پر تن دہی سے جمے ہیں۔ پاکستان آرمی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کر چکی ہے اور آج تک کر رہی ہے ۔ ہماری فضائیہ، ہماری فضائی سرحدوں کی نگہبانی پر مامور ہے۔ اور اس عزمِ عالیشان کو نسل در نسل لے کر چلنے کے عہد کی تجدید کرتے رہیں گے۔