فیصل آباد (اے پی پی)یوم پاکستان کی تقریبات کے سلسلہ میں پنجاب آرٹس کونسل فیصل آباد کے زیر اہتما م نصرت فتح علی خان آڈیٹوریم میں تاریخی سکوں و تصاویر کی نمائش کا انعقادکیا گیا۔ جس کا افتتاح مہمان خصوصی رکن صوبائی اسمبلی ، وائس چیئرمین ایف ڈی اے فردوس رائے نے کیا۔ نمائش میں پنجاب آرٹس کونسل کے ریذیڈنٹ ڈائریکٹر زاہد اقبال ،دیگر حکام سمیت یونیورسٹیوں و کالجز کے طلبا و طالبات اور سول سوسائٹی کے مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔نمائش میں 14اگست1947 سے اب تک سٹیٹ بنک آف پاکستان کے جاری کردہ نادر و نایاب سکوں ا ور کرنسی نوٹوں کی نمائش کی گئی۔ اس موقع پر تحریک پاکستان سے تکمیل پاکستان کی انتہائی نادرو نایاب تصاویر بھی لوگوں کی آگاہی اور علم میں اضافہ کیلئے رکھی گئیں۔علاوہ ازیں یوم پاکستان کی مناسبت سے ایک مذاکرہ بھی منعقد کیا گیا،جس میں سرسید احمد خان کے نواسے سید محمود اسد اللہ نے خصوصی شرکت کی۔