عارف علوی میرے باس کہیں گے تو گورنرراج لگا ، گو ر نر سندھ

کراچی (نیوز رپورٹر) یومِ پاکستان کے موقع پر وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور پھول بھی رکھے، صوبائی وزرا بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ صدرِ مملکت مجھے کہیں کہ آپ صوبے میں گورنر راج لگا دیں تو مجھے لگانا ہو گا لیکن فی الحال ایسا کچھ نہیں ہورہا ، شیخ رشید نے وزیر داخلہ کی حیثیت سے تجویز دی ہے۔ عمران اسماعیل نے کہا کہ ڈاکٹر عارف علوی میرے باس ہیں گورنر راج صدر پاکستان کی ایما پر لگایا جاتا ہے۔ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم ، ق لیگ اور بلوچستان عوامی پارٹی اپنا فیصلہ کرنے میں آزاد ہیں، منحرف اراکین نے جو کیا میرے نزدیک وہ غداری ہے ایسی قانون سازی ہونی چاہیے کہ وہ ایسی جرات نہ کریں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ مارچ بہت اہم مہینہ رہا او آئی سی کا بہت بڑا ڈیلیگیشن پاکستان آیا ہوا ہے، اسکوائش مقابلے ہوئے ، آسٹریلیا ٹیم پاکستان آئی ہوئی ہے، ہماری سیکورٹی ٹیم نے بہت اچھی سیکورٹی دی۔ کشمیریوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ہم آج کے دن کشمیری بھائیوں کو بھی نہیں بھولتے وہاں غیر انسانی سلوک روا رکھا جا رہا  ہے دنیا کی آنکھیں بند ہیں ہماری خواہش ہے کہ دنیا ادھر بھی دیکھے۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے یہ بھی کہا کہ ہم قائدِ اعظم رحم اللہ علیہ کے بتائے ہوئے اصولوں پر ملک چلانا چاہتے ہیں۔ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ایم کیو ایم نے کچھ مطالبات رکھے ہیں ان پر ہمیں اعتراض نہیں،مردم شماری کے معاملے پر سندھ کی دیگر جماعتوں نے ہم سے تعاون نہیں کیا۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے بلدیاتی قانون پر بہت سی تجاویز مانی ہیں،بلدیاتی قانون نئی تجاویز کے ساتھ اسمبلی میں پیش ہوا اور کمیٹی کے پاس ہے، کمیٹی میں تمام جماعتوں کے اراکین موجود ہیں۔ وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ میں اسپیکر قومی اسمبلی سے متفق نہیں ہوں، اسپیکر صاحب نے آئین پر عمل نہیں کیا، ان کا کہنا تھا کہ گورنر صاحب نے درست کہا ہے اگلا سال گزشتہ سال سے بہتر ہوگا۔ یوم پاکستان کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ 23 مارچ 1940 کے بعد ملک کے حصول کے لئے ایک منظم جدوجہد کی گئی تھی، یہ ملک بڑی جدوجہد کے بعد حاصل کیا اور اس کی حفاظت ہمارا فرض ہے، ہم سب کو ملک اور جمہوریت کی مضبوطی کے لئے کام کرنا چاہیے۔ وزیراعلی کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے ملک میں تمام مذاہب اور عقائد کے لوگوں کا احترام اور عزت کرنی چاہیے،آج کے دن ہمیں پاکستان کی سلامتی کا عہد کرنا چاہیے، ہمارا ملک کافی مشکلات سے گزرا ہے اور اب بھی مسائل کا سامنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کے دن ہمیں اپنے کشمیری بھائیوں کو یاد رکھنا چاہیے، کشمیر میں ظلم اور بربریت جاری ہے،ہم مل کر اپنی سرحدوں اور آئین کا تحفظ کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن