اسلام آباد (شِنہوا) چین کے ریاستی کونسلر اور وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ چین عالم اسلام کے ساتھ یکجہتی، دوستی اور تعاون کو نئی سطح پر لے جانے کا خواہاں ہے۔ وانگ نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 48ویں اجلاس کے موقع پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طحہ سے ملاقات کے دوران کیا۔ وانگ نے کہا کہ چین اس اجلاس میں شرکت سے اسلامی ممالک کے ساتھ یکجہتی، دوستی اور تعاون کو نئی سطح پر لے جانے کے لیے تیار ہے۔ چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ اسلامی ممالک کی یکجہتی اور آزادی کی نمائندہ او آئی سی چین اور اسلامی ممالک کے درمیان تعلقات کی ترقی کے لیے ایک پل کا کام کرتی ہے۔ وانگ نے کہا کہ چین تمام اسلامی ممالک کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ چین تعلیم اور تربیت کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دے گا اور مشترکہ طور پر چینی اور اسلامی تہذیب کے مکالمے کے پانچویں سیمینار کا انعقاد کرے گا۔