لاہور ( خصوصی نامہ نگار) جمعیت علماء پاکستان کے صدر ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر،چیئر مین علامہ قاری محمد زوار بہادر،ڈاکٹر جاوید اعوان اور سید محمد صفدر شاہ نے کہا کہ یوم پاکستان کی تقاریب سے قوم کے چہروں پر مسرت اور جذبہ حب الوطنی چمک رہا ہے ،پاکستان کی دفاعی اور جنگی صلاحیت سے دشمنوں کے چہرے مرجھا گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے اس غریب اور لٹی ہوئی قوم کو اقوام عالم میں جو مقام عطاء کیا ہے اس پرپوری قوم کو اپنے رب کے حضور سجدہ ریز ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آج نئی نسل کو حصول پاکستان ،دوقومی نظریے اور تحریک پاکستان میں شہداء کی قربانیوں سے روشناس کرانے کی ضرورت ہے۔جس کے لئے حکمرانوں سے لے کر والدین ‘اساتذہ ،سیاسی و مذہبی رہنمائوںسمیت زندگی کے ہر شعبہ سے وابستہ افراد کو اپنا قومی کردار ادا کرنا ہو گا۔قائدین نے کہا کہ ہم پاکستان بنانے والوں کی اولاد ہیں اور ہم پر فرض ہے کہ ہم وطن عزیز کو بچانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔قیام پاکستان کی جدوجہد میں میرے اور آپ کے اسلاف اور مسلم لیگ تھی جو اب اپنے نام کے برعکس کام کررہی ہے۔ اس لئے اب پاکستان بنانے والوں کی اولادوں کو میدان میں نکلنا ہو گا۔
ملکی دفاعی ، جنگی صلاحیت سے دشمنوں کے چہرے مرجھا گئے، ابوالخیر زبیر
Mar 24, 2022