لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین تین ون ڈے اور ایک ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کیلئے ٹکٹوں کی فروخت آج سے شروع ہوگئی ہے۔ وائٹ بال سیریز میں شامل چار میچز 29 مارچ سے 5 اپریل تک قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہونگے۔ون ڈے میچز کے ٹکٹ کی قیمت 500 سے 3000 روپے تک مقرر کی گئی ہے۔ ٹی ٹونٹی میچ کے ٹکٹ کی قیمت 500 سے 4000 روپے تک مقرر کی گئی ہے۔ٹکٹیں https://pcb.bookme.pk/ پر یا قریبی ایم اینڈ پی سٹورز سے خرید سکتے ہیں۔شائقین ایک شناختی کارڈ پر زیادہ سے زیادہ 6ٹکٹیں خرید سکتے ہیں تاہم ون ڈے سیریز کے کسی میچ کے پانچ ٹکٹ خریدنے پر ایک ٹکٹ مفت دیا جائیگا۔ ہیڈ آف کمرشلز پاکستان کرکٹ بورڈسلمان مسعودنے کہاکہ شائقین کی سہولت کے پیشِ نظر ٹکٹوں کی قیمت کو کم رکھا ہے۔ شائقین کو کار پارکنگ سے انکلوژرز تک گالف کارٹس پر مشتمل شٹل سروس کی سہولت بھی فراہم کررہے ہیں۔ پی سی بی نے سٹینڈز میں فلٹر شدہ ٹھنڈے پانی اور پنکھوں کی فراہمی سمیت سٹیڈیم کے باہر ایک بڑی سکرین بھی نصب کررکھی ہے جہاں شائقین براہ راست ایکشن ملاحظہ کرسکتے ہیں۔ سیریز میں شامل ون ڈے میچز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ کا حصہ ہیں۔ تینوں ون ڈے میچز مقامی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجے جبکہ ٹی ٹونٹی میچ مقامی وقت کے مطابق رات 8:30 بجے شروع ہوگا۔
وائٹ بال سیریز کی ٹکٹوں کی فروخت شروع، 5 پر ایک مفت
Mar 24, 2022