حیدرآباد/لاڑکانہ /سکھر /مٹھی ( نامہ نگاران ) کالعدم تنظیموں کے سینکڑوں کار کنان قومی دھار ے میں شامل ہو گئے ۔حیدرآباد سے نامہ نگار کے مطابق قوم پرست جماعت جسقم کے صداقت چانڈیو۔اور امام الدین چانڈیو نے اپنے 11 ساتھیوں سمیت جسقم چھوڑکر قومی دھارے میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صداقت چانڈیو ، امام الدین چانڈیو اور دیگر کارکنان نے بتایا کہ انہوں نے قومپرست جماعت جسقم بشیر خان گروپ چھوڑ کر عام شہری کی حیثیت اختیارکرلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم پرست پارٹیاں جی ایم سید کے مقصد سے ہٹ چکے ہیں۔ جی ایم سید پاکستان بنانے والوں کے ساتھ تھے۔ انہوں نے پاکستان کی قرارداد پیش کی تھی۔ کسی قوم پرست پارٹی نے کبھی اسکول بنانے یا نوجوانوں کے مستقبل کی بات نہیں کی۔ قوم پرست جماعتوں کے رہنما انڈیا کی گود میں بیٹھ جاتے ہیں اور ملک دشمنی پر اتر آتے ہیں۔ جی ایم سید نے اپنے دور میں بچوں کے اسکول بنوائے۔ انہوں نے کہا کہ قوم پرست جماعتوں نے ہمیشہ ملک کے خلاف سرگرمیاں کیں، جس سے ہمارے دشمنوں کو سہولت ملی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ان کی آج سے کسی سیاسی جماعت سے وابستگی نہیں ہے۔ وہ عام پاکستانی بن کر زندگی گزاریں گے۔ لاڑکانہ سے بیورورپورٹ کے مطابق جئے سندھ متحدہ محاذ سمیت دیگر قوم پرست جماعتوں کے 150 سے زائد رہنماؤں اور کارکنان نے اپنی تنظیموں سے لاتعلقی کر کے قومی پرچم ہاتھ میں تھام لیا۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے کا لعدم تنظیم سندھ ریولوشنری آرمی جسمم، اور جسقم کے رہنماوں آفتاب چانڈیو، آصف چانڈیو سمیت دیگر 150 سے زائد رکارکنان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے تمام کالعدم جماعتوں سے اپنی تنظیموں سے مکمل لاتعلقی کا اظہار کیا۔سکھر سے نامہ نگار کے مطابق جئے سندھ قومی محاذ بشیر خان قریشی گروپ سکھر کے ڈویژنل صدر عبدالسلام منگریو نے اپنے ساتھیوں سمیت جسقم سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے قومی دھارے میں شامل ہونے کا اعلان کیا ہے پنوعاقل پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران قومی دھارے میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ملک دشمن سرگرمیوں میں حصہ لے کر بہت غلط کیا اب ہم سیدھے راستے پر آگئے ہیں میری نوجوانوں سے اپیل ہے کہ وہ ملک دشمن تنظیموں کو چھوڑ کر قومی دھارے میں شامل ہوں۔مٹھی سے نامہ نگار کے مطابق تھرپارکر میں قومپرست تنظیموں سے وابستہ متعددکارکنان نے قوم پرست سیاست کو چھوڑ کر قومی دھارے میں شامل ہونے کا اعلان کیا ہے۔ پریس کلب مٹھی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ذکا اللہ بجیر، ندیم باغی، چمن سنگھ ٹھاکر اور فیروز سمیجو نے کہا کہ سندھ میں قوم پرست رہنما جی ایم سید کے اصولوں سے ہٹ کر اپنے مفادات کے لیے کام کر رہے ہیں اور اپنی آقائوں کو خوش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ سندھ کے نوجوانوں کے ذہن میں ملک کے خلاف نفرت کے بیج بو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج سے ہم اپنے ملک پاکستان کے وفادار اور باعزت شہری بن کر رہیں گے۔
قومی دھارے میں شامل