کینیڈا ، سکھوں کا بھارت میں انسانی حقوق کی پامالیوں،پنجاب آپریشن کے خلاف احتجاج کا اعلان


اوٹاوا (کینیڈا)(این این آئی) کینیڈا کے شہرFort St. John میں سکھوں نے بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور پنجاب میں آپریشن کے خلاف رواں ہفتے کے اختتام پر احتجاجی مظاہرے کا اعلان کیاہے۔ احتجاجی مظاہرہ 25مارچ بروز ہفتہ پیس کلچرل سینٹر کے باہر کیا جائے گا۔ انہوںنے مقامی لوگوں سے احتجاج میں شامل ہونے کی اپیل کی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقامی سکھوں نے کہا کہ بھارتی ریاست پنجاب میں 18 مارچ سے انٹرنیٹ سروس معطل ہے اورپولیس خالصتان کے حامی رہنما امرت پال سنگھ اور ان کے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مار رہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ امرت پال ہفتے کے روز اپنی گرفتاری کی ایک کوشش کے دوران فرار ہو گئے تھے۔پولیس نے گزشتہ چند روز کے دوران پنجاب میں سو سے زائد سکھوں کو گرفتار کیا ہے جن کے بارے میں دعویٰ کیا گیا کہ وہ امن و امان کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔فورٹ سینٹ جان سکھ گرودوارہ کے رکن ہرپریت سنگھ نے کہا کہ پنجاب میں سکھ کارکنوں کے خلاف نام نہاد آپریشن کی کوئی قانونی بنیاد نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے ۔

ای پیپر دی نیشن