یوم پاکستان ملی جذبہ سے منایا گیا ، آیئے خود احتسابی کریں ، اتحاد نا گزیر ، وزیراعظم

Mar 24, 2023

اسلام آباد‘ لاہور (خبر نگار خصوصی‘ نمائندہ خصوصی‘ نامہ نگار) ملک بھر میں یوم پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔ جمعرات کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دن کا آغاز 31 توپوں اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں کراچی‘ لاہور‘ پشاور اور کوئٹہ میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ اسلام آباد میں خراب موسم کے باعث ایوان صدر میں ہونے والی یوم پاکستان کی پریڈ ملتوی کر دی گئی۔ ایوان صدر کے مطابق یوم پاکستان کی ملتوی ہونے والی پریڈ اب 25 مارچ کو ہوگی۔ پاک فضائیہ کے تمام بیسز اور تنصیبات پر یوم پاکستان روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ نمازِ فجر کے بعد پاکستان اور عالم اسلام کی یکجہتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعاو¿ں سے آغاز کیا گیا۔ پاک فضائیہ کے ایک چاق و چوبند دستے نے مزار اقبال پر ستلج رینجرز کی جگہ گارڈ ڈیوٹیز سنبھال لیں۔ مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل سید عمران ماجد علی، ایئر آفیسر کمانڈنگ، پی اے ایف ایئر مین اکیڈمی، کورنگی کریک نے سربراہ پاک فضائیہ، ایئر مین اور سویلینز کی جانب سے مزار اقبال پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ بیس کمانڈر پی اے ایف بیس لاہور ایئر کموڈور تنویر احمد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ قوم آج پاکستان کے بانیوں کو ان کی سیاسی دانشمندی اور علیحدہ وطن کے لیے انتھک جدوجہد کرنے کے عزم پر خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ جمعرات کو یوم پاکستان کے موقع پر اپنے ٹویٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ یہ دن اس بات کی یاد دہانی ہے کہ چاہے جتنے بھی چیلنجز ہوں، انسانی ارادہ ناممکن کو حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زندہ قومیں اپنی کارکردگی کا آئیڈیل سے موازنہ کرکے خود کو آزماتی ہیں، یہ ان کا خود شناسی اور احتساب کا طریقہ ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مشکلات کو شکست دینے کے لیے پاکستان کے تصور پر میرا پختہ یقین ہے، آئیے آج 23 مارچ کو ہم قوم کی خدمت کا جذبہ بیدار کریں۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہبازشریف نے یوم پاکستان پر پیغام میں کہا کہ 23 مارچ ہماری قومی تاریخ کا ایسا عہد ساز دن ہے۔ یہ دن ہمیں 1940ءمیں واپس لے جاتا ہے۔ جب برصغیر کے مسلمانوں نے ایک علیحدہ وطن کے قیام کی قرارداد منظور کی تھی جسے وہ قائداعظم محمد علی جناح کی متحرک قیادت میں اپنا وطن کہہ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا قیام یقیناً 20 ویں صدی کا ایک معجزہ ہے۔ آج ہمیں سیاسی و معاشی عدم استحکام کا سامنا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مجھے اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان کا مقصد عظیم کامیابیاں اور بلندیاں حاصل کرنا ہے‘ تاہم اس کے حقیقت بننے کیلئے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہوگا۔ اپنے آپ کو قومی مقصد سے آراستہ کرنا ہوگا۔ آئیے آج کے دن ہم خوداحتسابی کریں تاکہ اپنی غلطیوں اور کوتاہیوں کا ازالہ کر سکیں۔

مزیدخبریں