لاہور (نامہ نگار)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے رمضان المبارک کی پہلی سحری پر گھر سے باہر آکر کارکنوں کے ساتھ ملاقات کی اور سحری کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ کارکنوں کو نان چنے، پراٹھے، آملیٹ، دہی، چائے سے سحری کروائی گئی۔ جبکہ اےک کارکن نے حلوہ پوری کا مفت سٹال بھی لگاےا تھا۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سحری کے وقت گھر سے باہر آگئے اور دور دراز سے آئے کارکنوں کو دی جانے والی سہولیات اور سحری کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ عمران خان نے گھر کے اندر موجود کارکنوں کو ہدایت کی کہ باہر جا کر تمام کارکنوں سے پوچھیں کہ سحری ٹھیک سے کی ہے یا نہیں۔ عمران خان نے تمام کارکنوں کیلئے افطاری کے لئے بھرپور انتظام کرنے کی ہدایت کی۔ عمران خان نے کارکنوں کے لیے سحری کے ساتھ ساتھ زمان پارک میں نماز، قرآن خوانی اور نماز تراویح کا بھی اہتمام کرنے کی ہدایت کی ہے۔ عمران خان کے گھر سے باہر آنے پر کارکنوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی جبکہ اےک کارکن نے حلوہ پوری کا مفت سٹال بھی لگاےا تھا۔ دریں اثناءعمران خان نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ بس بہت ہو گیا، پنجاب اور اسلام آباد میں پولیس تمام قوانین کو توڑ رہی ہے، پولیس تحریک انصاف کو نشانہ بنا رہی ہے، ابھی تک اظہر مشوانی کا کوئی پتا نہیں۔ پنجاب اور اسلام آباد کے آئی جیز اور دیگر افسروں کی تصاویر عالمی انسانی حقوق تنظیموں کو بھجوا رہے ہیں۔ انہوں نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ حسان نیازی کو بھی اغوا کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نہتے کارکنوں پر تشدد اور زیر حراست ظلم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اظہر مشوانی کی فوری رہائی کا مطالبہ بھی کیا۔