ماسکو‘ دی ہیگ (این این آئی+ آئی این پی) روسی فضائی حملوں پر ردعمل دیتے ہوئے یوکرائنی صدر ولودومیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ یوکرائن ہر ضرب کا بھرپور جواب دے گا، روسی حملوں کا فوجی، سیاسی اور قانونی طور پر جواب دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ روسی دہشت گردی کو تیزی سے شکست دینے اور انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے دنیا کو زیادہ اتحاد اور عزم کی ضرورت ہے۔ روس نے برطانیہ کو خبردار کیا ہے کہ یوکرائن کو یورینیم والا گولہ بارود دینے سے کشیدگی میں اضافہ ہوگا۔ برطانیہ نے امریکہ اور دیگر اتحادیوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے روس کے خلاف یوکرائن کو مضبوط کرنے کیلئے جنگی ٹینکوں کے ساتھ یورینیم والے گولے فراہم کرنے کا کہا تھا۔ روسی وزیرخارجہ سرگئی لاروف نے کہا برطانوی اقدام مزید کشیدگی کی طرف بڑھنے کا سبب بنے گا۔ ادھر بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) نے یوکرائن میں روسی آپریشن کے دوران جنگی جرائم کے ارتکاب پر روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے خلاف گرفتاری کے وارنٹ جاری کرنے پر اس کے پراسیکیوٹرز اور ججوں کے خلاف اعلان کردہ دھمکیوںاور کارروائیوں کو مسترد کر دیا۔