ڈیزاسٹر ریلیف مشن پر تعینات پی این ایس معاون ترکیہ کے شہر مرسن پہنچ گیا


اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) بین الاقوامی انسانی ہمدردی اور ڈیزاسٹر ریلیف مشن پر تعینات پاک بحریہ کا دوسرا جہاز پی این ایس معاون ترکیہ کے شہر مرسن پہنچ گیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق جہاز پر موجود امدادی سامان کی دوسری کھیپ میں زلزلہ متاثرین کے لیے موسم سرما کے خیمے اور کمبل شامل ہیں۔ ترک بحریہ کے حکام اور پاکستان کے سفارتی عملے نے جہاز کا پرتپاک استقبال کیا۔ ترک بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے یوم پاکستان کی مناسبت سے پی این ایس معاون پر ایک سادہ اور پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں ترک حکومت اور عسکری حکام نے شرکت کی جن میں مرسن کے گورنر اور ترک نیول فورسز کے چیف آف سٹاف کے علاوہ ترکی میں تعینات پاکستان کے سفیر بھی شامل تھے۔ تقریب میں پاک بحریہ کے مشن کمانڈر نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی اور پاکستانی عوام کی جانب سے ترکیہ میں جانی و مالی نقصان پر تعزیت کا اظہار کیا اور ضرورت کے وقت برادر ممالک کے ساتھ کھڑے ہونے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ترک حکام نے حکومت پاکستان کی طرف سے فراہم کی جانے والی امداد کو سراہا۔ دریں اثنائ اندرون ملک پاک بحریہ نے یوم پاکستان روایتی جوش و جذبے سے منایا۔ دن کا آغاز توپوں کی سلامی اور وطن عزیز کی سلامتی اور استحکام کی دعاو¿ں سے ہوا۔ پاک بحریہ کے جہازوں اور یونٹس کی جانب سے روایتی پرچم کشائی کی تقریبات اور چراغاں کا اہتمام کیا گیا۔ اس کے علاوہ ساحلی علاقوں میں بحریہ کالج اورماڑہ کے طلبائ کی جانب سے پاکستان زندہ باد ریلی اور مسلح افواج کی جانب سے گوادر میں ہتھیاروں اور آلات کی نمائش کا انعقاد کیا گیا جس میں مقامی لوگوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ یوم پاکستان برصغیر کے مسلمانوں کے عزم و ہمت کی نشاندہی اور ان کے عزم اور عظمت کو یاد کرنے کے لیے منایاجاتا ہے جس سےتاریخ کو بدلنے کے لیے متحد ہوکر تمام مشکلات کا مقابلہ کرنے کا سبق ملتا ہے۔ حکومت پاکستان کی ہدایات کے مطابق، پاک بحریہ مضبوط، مربوط اور متحد قومی کوششوں کے ذریعے شام اور ترکیہ کے عوام کو مسلسل مدد فراہم کرنے کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا مظاہرہ کرتی ہے۔

ای پیپر دی نیشن