یوم پاکستان پر اسلاف کی جدوجہد ،آئندہ وقت کا استعارہ سمجھنا چاہیے:سربراہ روڈا

Mar 24, 2023


لاہور(کامرس رپورٹر)عمران امین سربراہ روڈا نے کہا ہے کہ یوم پاکستان پر ہمیں اپنے اسلاف کی جدوجہد کو یاد رکھتے ہوئے اسے آئندہ وقت کا استعارہ سمجھنا چاہیے۔ 23مارچ 1940کودوقومی نظریہ پرپیش کی جانیوالی قرارداد پاکستان نے بر صغیر پاک وہند میں مسلمانوں کو ایک نئے مقصد سے روشناس کراتے ہوئے ایک جداگانہ اسلامی ریاست کا تصور دیا تھا۔ روڈا ہیڈ کوارٹر میں یوم پاکستان کے حوالے سے ہونیوالی تقریب چیف آپریٹنگ آفیسر (سی او او) منصور جنجوعہ ،ایگزیکٹو ڈائریکٹر ز کاشف قریشی ، وحید الرحمان ، انوار احمد اعوان ، ڈائریکٹرز نوید ریاض ، عابد لطیف، احمد سلمان کے علاوہ دیگر حکام اوردرجنوں ملازمین بھی شریک ہوئے۔ تقریب سے خطاب کر تے ہوئے عمران امین نے کہا کہ خوددار قوم کا خاصہ ہے کہ وہ جدوجہد ،یقین کامل سے فتوحات حاصل کر تیں۔ انگریز راج میںبابائے قوم محمد علی جناح کی طرف سے مسلم قومیت کی بنیاد پر جداگانہ ریاست کا تصور دینا اور پھر اس خواب کو شرمندہ تعبیرکرنا بلاشبہ ایک انقلاب تھا۔ لاہور میں راوی کنارے بننے والا”راوی شہر“اسی خوشحالی کی ایک علامت ہے جہاں لاکھوں افراد روزگار پائیں گے اور زندگی کی اعلی ترین سہولیات سے فیض یاب ہونگے۔ یوم پاکستان تقریب سے خطاب میں منصوراحمد جنجوعہ کا کہنا تھا کہ روڈا ملازمین ایک فیملی کی حیثیت رکھتے ہیں اور ہمیں اپنے بڑے مقصد راوی شہر کے قیام کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیے۔ اس شہر کی آبادکاری قومی سطح پربڑے وسائل پیداکریگی اور ملک میں خوشحالی لانے کا بڑا ذریعہ بنے گی۔

مزیدخبریں