مملکت خداداد کے حصول کی بنیاد بننے والے نظریات پر کاربند رہنے کی ضرورت ‘ رانا تنویر 


اسلام آباد(نا مہ نگار)وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ میں یوم پاکستان کے موقع پر پوری پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں23 مارچ ہماری قومی تاریخ کا وہ سنہرادن ہے جب جنوبی ایشیا کے مسلمانوں نے اپنے لئے ایک آزاد اسلامی ریاست کے قیام کا فیصلہ کیا تاکہ ہندو اکثریت کے جبر سے نجات پاسکیں جہاں وہ اسلامی نظریات کے مطابق زندگی بسر کرسکیں۔وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت رانا تنویر حسین نے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ آج ہم بانیان پاکستان جن کی جدوجہد اور قربانیوں کے بدولت پاکستان معرض وجود میں آیا خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ وقت اور حالات نے ثابت کردیاگیا کہ برصغیر کے مسلمانوں کیلئے ایک الگ ریاست کے قیام کا فیصلہ درست تھا۔ ہمیں ان نظریات پر کاربند رہنے کی ضرورت ہے جو اس مملکت خداداد کے حصول کی بنیاد بنے۔وقت کا تقاضا ہے کہ ہم شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے افکار اور بانی پاکستان قائداعظم کے سنہری اصولوں کے مطابق ریاست پاکستان کو ایک عظیم مملکت بنانے کا خواب شرمندہ تعبیر کریں اور جس کے واسطہ ہمیں بحیثیت قوم اتحاد، عقیدہ، نظم و ضبط کو اپنانا ہوگا۔ یوم پاکستان تجدید عہد کادن ہے جس طرح ہمارے آبائو اجداد نے پاکستان کے حصول کیلئے مشکلات کا سامنا کیا اس طرح ہمیں ایک قوم بن کر تمام مشکلات کا سامنا کرنا ہے۔ ماضی میں ہماری کامیابوں کو مدنظر رکھتے ہوئے میر ا پختہ یقین ہے کہ ہم پاکستان کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔آج کے دن ہم اس دن کی تجدید کرتے ہیں کہ ہم پاکستان کو ایک عظیم فلاحی ریاست بنانے کیلئے میاں نواز شریف کی قیادت اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کی لیڈرشپ میں اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ آج ہم مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام سے بھرپور اظہار یکجہتی کرتے ہیں جو بھارت کے ریاست ظلم و جبر کا بہادری سے مقابلہ کر رہے ہیں۔ تنازعہ کشمیر برصغیر پاک و ہند کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے۔ آج کے دن ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے حق خودارادیت کے حصول کیلئے کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔

ای پیپر دی نیشن