اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی میں یوم پاکستان پر پرچم تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ہائی کمیشن کے چانسری لان میں پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ناظم الامور سلمان شریف نے قومی ترانے کی دھن پر پرچم کشائی کی ، تقریب میں ہائی کمیشن کے افسران، عملہ اور ان کے اہل خانہ نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر صدر مملکت اور وزیراعظم کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔ناظم الامور نے تاریخی دن پر پاکستان کے عوام کو مبارکباد اور تحریک آزادی پاکستان میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بانیان اور شہداکو خراج عقیدت پیش کیا، قوم کی ترقی کیلئے جستجو آج بھی اسی جذبہ سے جاری ہے جس جذبے کے تحت 1947 میں پاکستان معرض وجود میں آیا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان ہندوستان سمیت اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ باہمی احترام کی بنیاد پر پرامن تعلقات کا خواہاں ہے، پاکستان تنازعہ جموں و کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے حل کرنے پر یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جنوبی ایشیامیں پائیدار امن، استحکام اور ترقی کے لئے جموں و کشمیر کا بنیادی مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہئے ۔تقریب میں 23 مارچ 1940کو لاہور میں قرارداد پاکستان کی تاریخی منظوری سمیت تحریک پاکستان کے اہم لمحات پر مبنی دستاویزی فلمیں بھی دکھائی گئیں، ناظم الامور اور ان کی اہلیہ نے اس موقع پر کیک بھی کاٹا۔ پاکستانی سفارتخانہ روس میں یوم پاکستان 23 مارچ کی تقریب کا انعقاد کیا. تفصیلات کے مطابق ماسکو تقریب میں روس کے سفارخانہ میں پرچم کشائی کی گئی. پرچم کشائی میں روس میں پاکستانی سفیر شفقت علی خان نے کی جبکہ پرچم کشائی کی تقریب میں پاکستانی کمیونٹی نے بڑی تعداد نے شرکت کی. پاکستان ہائی کمیشن کینیڈا میں یوم پاکستان کی مناسبت سے پرچم کشائی کی تقریبات کا انعقاد. تفصیلات کے مطابق پاکستان اور دنیا کے دیگر ممالک کی طرح کینیڈا میں بھی یوم پاکستان بڑے جوش و خروش سے منایا گیا۔اس حوالے سے بڑی تقریب دارالحکومت اٹاوا کے تاریخی سٹی ہال کے احاطے میں ہوئی جہاں سفیر پاکستان ظہیر اے جنجوعہ نے قومی ترانے کی دھن میں سبز ہلالی پرچم لہرایا۔ تقریب میں پاکستانیوں اور پاکستان نژاد کینیڈینز کی ایک بڑی تعداد شریک ہوئی جن میں پاکستان نژاد کینیڈین ارکان پارلیمنٹ سینٹرسلمی عطا اللہ جان،ممبر پارلیمنٹ سلمی زاہد، ممبر پارلیمنٹ اقراءخالد، ممبر پارلیمنٹ یاسر نقوی، ممبر پارلیمنٹ پال چیانگ اور ممبر پارلیمنٹ سمیر زبیری نمایاں تھے۔ٹوکیو میں پاکستانی سفارتخانے میں یومِ پاکستان کے موقع پرسفیر رضا بشیر تارڑ نے پاکستانی پرچم قومی ترانہ کے ساتھ بلند کیا۔غیرملکی خبررساں ادرے کے مطابق اس موقع پر سفارتخانہ پاکستان کے حکام سمیت کمیونٹی کی بڑی تعداد بھی موجود تھی انہوں نے پاکستانی کمیونٹی پر زور دیا کہ اپنے بہترین اخلاق اور کردار سے جاپان میں پاکستان کا نام روشن کرنے کے لیے کردار ادا کریں۔ بلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں پاکستانی سفارتخانے کے ناظم الامور سید فراز حسین زیدی نے قومی پرچم لہرایا۔ انہوں نے پاکستان کو ایک مضبوط اور خوشحال ملک بنانے کیلئے بانیاں پر پاکستان کے وزن کو عملی جامہ پہنانے کیلئے انتھک کوششیں کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ابوظہبی میں پاکستانی سفارتخانے میں پرچم کشائی کی تقریب شیخ خلیفہ بن زید عرب پاکستان سکول کے بچوں نے قومی ترانے پر ٹیبلو پیش کیا۔ابوظہبی میں پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی نے اپنے خطاب میں قومی دن کی اہمیت پر روشنی ڈالی ،اس نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ وطن کی بنیاد رکھی تھی۔