کراچی (کامرس رپورٹر)وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ دہشت گردوں نے ایک بار پھر ہمارے سکیورٹی دفاتر، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مساجد پر حملے کرنا شروع کر دیے ہیں اور بے گناہ لوگوں کا قتل اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ پاکستان اور اس کے عوام کے دشمن ہیں لیکن قوم انہیں شکست دینے کے لیے پرعزم ہے۔ یہ بات وزیراعلی سندھ نے مزار قائد پر گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جہاں وہ یوم پاکستان کے موقع پر بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے گئے تھے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان دشمن ملک میں ایک بار پھر دہشت گردی کی لہر کو ہوا دے رہے ہیں ، جمعہ کی نماز کے دوران پشاور کی ایک مسجد پر خودکش حملہ کرکے نمازیوں کو شہید کیا گیا، کے پی او پر حملہ کیا، انگور ادہ میں پاک فوج کے بریگیڈیئر مصطفی کمال برکی پر حملہ کرکے انہیں شہید کیا اور ڈیرہ اسماعیل خان میں تین سکیورٹی اہلکار وںکو شہید کیا گیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کی اس لہر اور دہشت گردوں کو ایک بار پھر شکست فاش کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں وزیراعلی سندھ نے کہا کہ اہل سنت والجماعت کے مولانا سلیم کھتری، مولانا عبدالقیوم، ماہر تعلیم خالد رضا کا قتل اور اس طرح کے دیگر واقعات بھی دہشت گردی کا حصہ تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے ان کی حکومت کی ہدایات کے مطابق دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خاتمے کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔سید مراد علی شاہ نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ ان کی کابینہ نے 7,810,482 کم آمدنی والے گھرانوں کے لیے 15.6 بلین روپے کے رمضان پیکج کی منظوری دی ہے جس کے تحت ہر خاندان کو بے نظیر انکم سپورٹ کے ذریعے 2,000 روپے نقد 30 کلو آٹا فی کلو 65 روپے کے حساب سے خریدنے کے لیے سبسڈی کے طور پر دیئے جائیں گے اور دیگر کم آمدنی والے افراد جوکہ بے نظیر انکم سپورٹ کا حصہ نہیں ہیں، اپنی اہلیت کی تصدیق کے لیے اپنا شناختی کارڈ نمبر 8171 پر بھیج کر معلومات حاصل کرسکتے ہیں یا پھر وہ خود کو رجسٹر کرنے کے لیے قریب ترینBISP سینٹر جا سکتے ہیں۔ یوم پاکستان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ اسمبلی کو مارچ 1943 میں پاکستان کی حمایت میں قرارداد پاس کرنے کا اعزاز حاصل ہے ۔قائداعظم محمد علی جناح نے اپنی سیاسی دانشمندی اور جدوجہد سے یہ ملک بنایا۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ ہماری اولین ذمہ داری ہے کہ ہم اس ملک کو اتنا مضبوط بنائیں کہ ہماری آنے والی نسلیں محفوظ اور صحت مند زندگی گزار سکیں۔آج کے دن ہمیں شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو یاد رکھنا چاہیے جنہوں نے اس ملک کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔وزیراعلی سندھ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کی اور بھارتی قبضے کے خلاف جدوجہد کرنے پر کشمیری عوام کو خراج تحسین پیش کیا۔مراد علی شاہ نے پوری امت مسلمہ خاص طور پر پاکستان اور سندھ کے عوام کورمضان المبارک کے مقدس مہینے کے آغاز پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ مہینہ ہمیں قربانی، ضرورت مندوں کی مدد اور غریبوں کی مالی معاونت کرنے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں روزے کی تعلیمات پر عمل کرنا چاہیے۔قبل ازیں وزیراعلی سندھ نے بابائے قوم کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ پڑھی اور یوم پاکستان کے موقع پر مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے۔