مدارس دینیہ بچوں کی تربیت میں اہم کرداراداکررہے ہیں،پیر ارشدکاظمی

Mar 24, 2023


کراچی (کامرس رپورٹر )تحریک اہلسنّت پاکستان صوبہ سندھ کے صدر پیرطریقت صوفی سید ارشدعلی کاظمی القادری نے کہاہے کہ مدارس دینیہ بچوں کی دینی تربیت میں اہم کرداراداکررہے ہیں، دینی تعلیمات میں تمام مسائل کا حل موجود ہے، اپنے بچوں کو دین سے وابستہ کرکے معاشرے میںتبدیلی لائی جاسکتی ہے۔ یہ باتیں انہوں نے مدرسہ سیدناامیر حمزہ ؓ یوسی 11ضلع کورنگی کے سالانہء جلسہء دستار فضیلت واستقبال رمضان کانفرنس سے خطاب میں کہیں۔کانفرنس میں ضلعی صدر صوفی جمال الدین قادری سمیت کارکنان تحریک اہلسنّت پاکستان ضلع کورنگی نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔صوفی سید ارشدعلی کاظمی القادری نے کہاکہ ہماری بھرپورکوشش ہونی چاہئے کہ اس ماہ مبارک میں اپنے اللہ کوراضی کرلیں،اپنے گناہوں کی بخشش کروالیں، روزے کا صلہ اللہ تبارک وتعالیٰ خوددیتاہے، اللہ رب العزت کا فرمان ہے کہ روزہ خاص میرے لئے ہے اورمیں ہی اس کا بدلہ دوں گا۔روزہ دار کے لئے اللہ تعالیٰ کے بے شمار انعامات ہیں ،ہمیں چاہئے کہ رمضان المبارک کے ان لمحات کو قیمتی بنالیں اور دنیاوی معاملات کو ایک مہینے کے لئے موخرکرکے اپنے رب سے لولگالیں۔ہمیں چاہئے کہ روزے اور رمضان کی کے تمام فضائل کو سامنے رکھتے ہوئے اخلاص کے ساتھ روزوں کا اہتمام کریں۔انہوں نے کہاکہ ماہ رمضان المبارک بڑی فضیلت وعظمت ،رحمت ومغفرت اور برکت کا مہینہ ہے،رمضان المبارک کی فضیلت کااندازہ اس بات سے بھی لگایاجاسکتاہے کہ نبی کریم ﷺ اس مہینے میں عبادت واطاعت کا اورزیادہ اہتمام فرماتے تھے ،روزہ اسلام کے بنیادی ارکان میں سے ایک اہم رکن ہے،روزہ گناہوں کی مغفرت کا ذریعہ ہے ،آپﷺ نے فرمایاجس نے ایمان اور ثواب کی امید کے ساتھ روزہ رکھااس کے سارے گناہ معاف کردیئے جاتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ روزہ گناہوں سے ڈھال اور جہنم کی آگ سے بچائوکامضبوط قلعہ ہے،روزہ دارکی نیند بھی عبادت ہے اورسانس لینا،تسبیح ودعامقبول ہے۔انہوں نے کہاکہ روزہ دارکے لئے جنت کی حور آراستہ ومزین کی جاتی ہے اور روزہ دارکے لئے جنت میں داخل ہونے کے لئے ایک الگ دروازہ ہے جس کا نام ریان ہے۔رمضان اور روزے کے فضائل پر قرآن وحدیث میں کئی دلائل موجودہیں،یہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایک انعام ہے۔انہوں نے کہاکہ رمضان کی پہلی رات سے ہی شیطانوں اور سرکش جنوں کو قید کردیاجاتاہے اور جہنم کے دروازوں کو بندکردیاجاتاہے جبکہ جنت کے دروازوں کوکھول دیاجاتاہے۔

مزیدخبریں