کرپشن کے حمام میں تمام حکمران ننگے، کوئی شرم و حےا نہےں، عارف شیرازی


راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ موجودہ اور سابقہ حکمران کرپشن کے حمام میں سب ہی ننگے ہیں،کوئی شرم اور حیا ان لوگوں میں نہیں ہے ، توشہ خانہ پر ہاتھ صاف کرنے میں ایک دوسرے سے مقابلے میں لگے ہوئے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ دنوں جماعت اسلامی میں شامل ہونے والی کاروباری اور سماجی شخصیت ملک اکمل زین کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، تقریب میں پی پی 15 کی معروف سماجی شخصیات عبد الشکور عباسی ، راجہ شوکت ،ملک طاہر اور ملک عاطف نے بھی جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا ہے ۔ اس موقع پر جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی عتیق احمد عباسی ، نائب امرا سید عزیر حامد ، راجہ ممتاز حسین ، امیدوار پی پی 10 خالد محمود مرزا ، امیدوار پی پی 11 ملک عمران ، امیدوار پی پی 14رضوان احمد ، امیدوار پی پی 15 ڈاکٹر اشتیاق عرفان اور دیگر رہنماوں نے بھی اظہار خیال کیا،سید عارف شیرازی نے کہا کہ پاکستان کے عوام تمام بڑی پارٹیوں کو بھگت چکے ہیں ۔ اقتدار میں آنے والوں نے عوام کو مایوس کیا ہے ۔ عوام اب جماعت اسلامی پر اعتماد کریں اور آزمانے ہوئے لوگوں کی بجائے جماعت اسلامی کے اہل اور دیانت دار نمائندوں کو کامیاب بنائیں ۔
 

ای پیپر دی نیشن