لاہور(خصوصی نامہ نگار)تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنماؤں فواد چوہدری اور سینیٹر اعجاز چوہدری نے عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور سے ملاقات کی اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔خرم نواز گنڈاپور نے کہاکہ سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود الیکشن سے انحراف آئین کی خلاف ورزی ہے۔ عوامی تحریک انتخابی سیاست میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔حالیہ کشمکش میں عوام کی مشکلات کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ منصوبہ بندی کے بغیر دیا جانے والا ریلیف باعث تکلیف بن گیا ہے۔ مفت آٹے کی تقسیم کا فیصلہ کرتے وقت منصوبہ بندی نہیں کی گئی جس کی وجہ سے انسانی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔ آج بھی ہماری ساری توجہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف پر ہے۔ 8سال کے بعد بھی مظلوموں کو انصاف نہ ملنا المیہ ہے۔ فواد چوہدری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا مضبوط اور خوشحال مستقبل آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی سے وابستہ ہے۔سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے ملک و قوم کا نقصان ہو رہا ہے۔تحریک انصاف نے بات چیت کے دروازے کبھی بند نہیں کئے۔ ملاقات میں مرکزی نائب صدر راجہ زاہد محمود،سیکرٹری کوآرڈینیشن عارف چوہدری،نور اللہ صدیقی موجود تھے۔
فواد چوہدری ، سینیٹر اعجاز کی خرم نواز گنڈاپور سے ملاقات ، ملکی صورتحال پرگفتگو
Mar 24, 2023