ہمیں تحریک آزادی والے جذبے کی بیداری کا عزم کرنا ہوگا:نگران وزیر اوقاف 


لاہور(نیوز رپورٹر)نگران وزیر اوقاف و مذہبی امور پنجاب بیرسٹر سید اظفر علی ناصر نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 23 مارچ 1940 کو منظور ہونے والی قرارداد لاہور سے ہندوستان کے مسلمانوں کو نئی سمت ملی۔ اس کے بعد قائداعظم محمد علی جناحؒ کی قیادت میں مسلمانوں نے مقصد کے حصول کیلئے ولولہ انگیز جدوجہد شروع کی اور مسلمانان ہند کی عظیم تحریک آزادی کے نتیجے میں پاکستان معرض وجود میں آیا۔ آج کے دن ہمیں تحریک آزادی والے جذبے کی بیداری کا عزم کرنا ہوگا۔ 23 مارچ کا دن ہمیشہ ہمیں ملی یکجہتی اور جذبہ حریت زندہ رکھنے کا پیغام دیتا ہے۔ پاکستان کو آج قومی یکجہتی اور اتحاد کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے۔! 23 مارچ یوم پاکستان کے موقع پر اس عہد کی تجدید کریں کہ ہم پاکستان کو اقوام عالم میں ایک عظیم مقام دلانے کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کریں گے کیونکہ پاکستان ہے تو ہم ہیں۔

ای پیپر دی نیشن