لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے رمضان المبارک کی فضیلت و برکت والی ساعتوں کے آغاز پر امت مسلمہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ رب العزت کا کروڑ ہا شکر ہے کہ جس نے ہمیں اپنی زندگیوں میں باردگر رمضان المبارک کے روزے رکھنے کی توفیق دی۔ یہ عبادات اور دعاؤں کی گھڑیاں ہیں۔ دعا قضائے حاجات کی چابی اور ہر عبادت کا مغز ہے۔ اللہ رب العزت کو مناجات کرنے والے بندے بہت عزیز ہیں۔ اللہ رب العزت روزہ داروں کی صدق دل سے مانگی گئی دعاؤں کو قبول کرتا ہے۔حضور نبی اکرم کا فرمان ہے کہ اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں دعا سے زیادہ کوئی چیز محترم و مکرم نہیں ہے۔ اسلامیان پاکستان وطن کی خیر و سلامتی،استحکام اور خوشحالی کیلئے دعا کریں۔ اس وقت پاکستان کا عام آدمی مہنگائی اور گرانی کی وجہ سے بے حد پریشان ہے۔ مستحقین کی مدد دینی و انسانی فریضہ ہے۔صاحب حیثیت اللہ کی رضا اور خوشنودی کیلئے ضرورت مندوں کی دل کھول کر مدد کریں۔