کراچی (کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہاہے کہ جو پیپلز پارٹی پرتنقید کرتا ہے اس کا جواب یہ ہے کہ پیپلز پارٹی نے انڈر پاسس بنائے ہیں، سینکڑوں کلومیٹر کی سڑکیں ہیں جو پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت نے بنائی ہیں، یہاں پر جو جدید بسیں چل رہی ہے وہ پاکستان پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت لے کر آ ئی ہے، ہسپتال بنائے ہیں اور پورا پاکستان آج علاج کرانے کے لئے کراچی آرہا ہے، پورے پاکستان کے لوگ مفت علاج کرانے کے لئے سندھ آ رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی وزیر محنت سعید غنی اور مشیر قانون بیرسٹر مرتضی وہاب کے ہمراہ جوہر چورنگی فلائی اوور کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی ہمیشہ تنقید کا نشانہ رہی ہے، لیکن پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے ہر سیکٹر میں بہترین کام کر کے دکھایا وہ کسی اور سیاسی جماعت نے آ ج دن تک نہیں کیا، انہوں نے کہا کہ 2018میں عمران خان کو جعلی مینڈیٹ دیا گیا اور پی ٹی آئی کے لوگ جعلی طریقے سے جیت کر آئے تھے یا جتوا کر بھیجا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ اپنے حلقوں میں نہیں جاتے ان کے حلقوں میں ان کے لئے تلاش گمشدہ کی بینرز لگے ہوئے ہیں۔ انہو ں نے کہاکہ عمران خان خود کراچی سے جیتا اس کے بعد ایک رات بھی اس نے کراچی میں نہیں گزاری۔ انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کی سیاست کا محور یا تو ایمپائر کی انگلیاں ہیں یا بیرونی طاقتیں جو پاکستان کو ناکام دیکھنا چاہتی ہیں۔ ان لوگوں کی اصلیت پوری عوام کے سامنے عیاں ہے ان کی سیاست نہ ہی اس قوم کے لئے ہے ،نہ ہی اس ملک اور نہ ہی عوام کے لئے بہتر ہے، یہ اس وقت ملک کے بچے بچے کو پتا ہے کہ عمران خان دن بدن ایکسپوز ہوتا جا رہا ہے، عمران خان روزانہ کی بنیاد پر دنیا دیکھ رہی ہے نئی کہانیاں عوام کے سامنے لے کر آرہا ہے اور میں سمجھتا ہوں اس بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کو کراچی کے لوگوں نے ٹھڈے مار کر بھگایااور انشااللہ آئندہ عام انتخابات میں بھی پی ٹی آئی کو ناکامی نصیب ہو گی ، شرجیل انعام میمن نے کہاکہ عوام آنکھیں کھول لے عوام دیکھ لے کہ عمران خان اس وقت ملک کے خلاف گھناونی سازشیوں میں مصروف ہے، دنیا بھر کے لوبیسٹ اوردنیا بھر کیوہ لوگ جو کبھی پاکستان کے حق میں نہیں رہے اور ماضی میں پاکستان کے خلاف گہری سازشوں میں ملوث رہے آ ج عمران خان کی حمایت میں کھل کر سامنے آگئے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ بلی تھیلے سے باہر آ چکی ہے اور یہ میں پہلے بھی کہتاتھا عمران خان کی لڑائی نہ پی ایم ایل (ن) سے ہے ،نہ پاکستان پیپلز پارٹی سے ہے اور نہ ہی کسی ادارے کے سر براہ سے ہے ،عمران خان کی لڑائی اس ملک سے ہے وہ اس ملک کے خلاف لڑرہا ہے صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی عوام کو اب اس شخص کا مقابلہ کرنا ہے جو پاکستان کے خلاف لڑ رہا ہے۔