کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان اووسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز ایسوسی ایشن نے جاپان کے لئے پاکستان سے ورک فورس بھیجنے کے لئے صرف 18 پروموٹرز کو منتخب کرنے پر اعتراض کرتے ہوئے اس فہرست میںتمام پروموٹرز کو شامل کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔پاکستان اووسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز ایسوسی ایشن کے سیکریٹری عدنان پراجہ کے مطابق نے اس ضمن میں ڈی جی بیورو آف امیگریشن کو خط بھی لکھ دیا ہے جس میںکہا گیا ہے کہ جاپان کے لئے 3 سے ساڑھے تین لاکھ نوکریوں کے مواقع آئے ہیں ،تاہم جاپان کے لئے پاکستان سے ورک فورس بھیجنے کے لئے صرف 18 پروموٹرز کو فہرست میں شامل کرنا غلط ہے ،پاکستان اووسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز ایسوسی ایشن نے بیورو آف امیگریشن اینڈ اوور سیز ایمپلائمنٹ سے 18 پروموٹرز کی فہرست کو فوری منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے ، عدنان پراچہ کے مطابق ملک بھر میں 2400 پروموٹرز ہیں اور ان میں سے صرف 18 کو منتخب کرنا درست نہیں ،بیورو آف امیگریشن تمام 2400 پروموٹرز کو مواقع فراہم کرے ،انہوںنے بتایا کہ جاپان اور یورپ جانے کے لئے ان ممالک کی زبان سیکھنانا لازمی ہے ،اگر درست سمت میں ان سیکٹرز پر کام کیا جائے تو ترسیلات زر میں نمایاں اضافہ کیا جاسکتا ہے ،جاپان اور یورپی ممالک میں ملازمتوں کے مواقع حاصل کرنے سے پاکستان سالانہ 6 سے 8 ارب ڈالرز کی اضافی ترسیلات زر کما سکے گا۔