قبضہ گروپ پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے ورنہ ملک میں کچھ بھی ہوسکتا ہے: شیخ رشید

سربراہ پاکستان عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 2 اسمبلیاں اس لیے تحلیل کی تھیں کہ 90 روز میں انتخابات ہوں گے، ایک ہفتے میں قبضہ گروپ پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے، ورنہ اس ملک میں کچھ بھی ہوسکتا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیخ رشید نے لکھا کہ سوموار تک الیکشن کمیشن کے آئینی بحران کے فیصلے کا پتا لگ جائے گا، ن لیگ کی 8 اکتوبر کو بھی الیکشن کی نیت نہیں کیونکہ عوام ان سے سیاسی انتقام لیں گے، آج 3:30بجےزمان پارک میں عمران خان سے ملاقات کروں گا۔انہوں نے کہا کہ حکمران ایک طرف عمران خان سے گرینڈ سیاسی ڈائیلاگ چاہتے ہیں، دوسری طرف گرفتاریاں اور مینار پاکستان جلسے میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں، ان کا مسئلہ اب آئی ایم ایف ہے نہ غریب کی بھوک ہے، عمران خان کے کلین سویپ کا خوف ہے۔سابق وزیر کا کہنا تھا کہ بڑی عدالتی جنگ شروع ہونے جا رہی ہے، آر یا پار ہو جائے گا، ان کا مسئلہ نہ سکیورٹی ہے نہ پیسے ہیں، اپریل میں الیکشن نہیں ہوسکتے تو اکتوبر میں پیسے کہاں سے آئیں گے، پہلے ملک معاشی، سیاسی اور اقتصادی طور پر تباہ ہوتے ہیں، اس کے بعد ٹوٹ جاتے ہیں۔سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ایسے اناڑیوں کو کھلاڑی بنا کر بٹھا دیا ہے، جن کو گھر والے نہیں جانتے، تمام سیاسی عیاشیوں کے لیے پیسے ہیں، الیکشن کے لیے پیسے نہیں ہیں۔
 

ای پیپر دی نیشن