واشنگٹن (آئی این پی ) امریکی سینیٹر کوری بوکر نے امریکی اپیلیٹ کورٹ کے پہلے مسلم پاکستانی نامزد جج عدیل منگی پر الزامات کو من گھڑت قرار دے دیا۔ سینیٹ سے 35 منٹ خطاب میں امریکی سینیٹر کوری بوکر نے کہا کہ اسرائیل میں مسلم جج ہو سکتا ہے تو امریکا میں کیوں نہیں؟ انہوں نے کہا کہ صدر جو بائیڈن نے عدیل منگی جیسے اعلی ترین تعلیم یافتہ اور باکردار شخص کو جج نامزد کیا ہے تو ری پبلکنز نے عدیل منگی کو یہود دشمن اور قانون نافذ کرنیوالے اہلکاروں کا مخالف ہونے کا پروپیگنڈا شروع کردیا ہے جس پر تمام سینیٹرز کو آواز بلند کرنی چاہیے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ سال نومبر میں صدر جوبائیڈن کی جانب سے عدیل منگی کو یو ایس تھرڈ سرکٹ کورٹ آف اپیلز میں نامزد کیا گیا تھا جس پر حالیہ دنوں میں متعدد ڈیموکریٹک سینیٹرز اور ان کے عملے نے نجی طور پر وائٹ ہاس کو متنبہ کیا تھا کہ سینیٹ میں صدر جو بائیڈن کے مسلم امریکی عدالتی نامزد امیدوار عدیل منگی کی تصدیق کے لیے کافی ووٹ نہیں ملے گیں۔