یوم پاکستان پر شاندار پریڈ، دفاعی قوت کا بھرپور مظاہرہ، مسائل ملکر حل کریں: صدر

راولپنڈی + اسلام آباد(اپنے سٹاف رپورٹر سے+نمائندہ خصوصی) 23مارچ یوم پاکستان کے موقع پر پریڈ گراؤنڈ شکر پڑیاں میں تینوں مسلح افواج کی دلکش اور عالیشان مشترکہ پریڈ ہوئی پریڈ گراؤنڈ کی زمین اورفضاء  رنگوں سے سج گئی، جذبہ شجاعت اور عسکری شعبوں میں انتہائی مہارت کے مناظر سے ہر چہرہ کھل اٹھا پریڈ گراؤنڈ میں موجودمہمانوں کے سٹینڈ کھچاکھچ بھرے ہوئے تھے وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف ،مہمان خصوصی سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبد العزیزآل سعود،وفاقی وزراء  ،عسکری قیادت ، سرکاری افسران ،سفارتکار،سیاسی، سماجی شخصیات ،خواتین اور بچوںکی کثیر تعداد یوم پاکستان کی اس عالیشان تقریب میں شریک تھے شرکاء نے اپنی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا اس سال یوم پاکستان کا موضوع پاکستان زندہ باد رکھا گیاتھا فضاء پریڈ کی تقریب کے آغاز سے اختتام تک پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجتی رہی۔ مسلح افواج نے یوم پاکستان کے موقع پر دفاع وطن کیلئے اپنی دفاعی قوت کا  شاندار مظاہرہ کیا، پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کو ان نعروں، ہم آپ کے محافظ، سرحدوں کے نگہبان کی گونج میں پوری قوم داد تحسین پیش کرتی رہی، یوم پاکستان پریڈ میں مسلح افواج کا مارچ پاسٹ دیدنی تھا، اللہ ہو کی صدائیں، پاکستان کی فضائی قوت اور شیردل فارمیشن کا دلکش مظاہرہ اپنی مثال آپ تھے۔ پریڈ گرائونڈ میں شہریوں نے نشستوں سے کھڑے ہو کر اور تالیوں کی گونج  میں داد دی۔ عظیم دوست چین اور آذربائیجان کے فوجی دستوں نے بھی پریڈ میں حصہ لیا۔ رینجرز ،ایف سی،کے پی کے پولیس کے دستے بھی مرکز نگاہ رہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کھلی جیپ میں سوار ہوکر پریڈ کا معائنہ کیا وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف پریڈ میں شریک تھے۔ تقریب میں سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیزآل سعود مہمان خصوصی تھے۔ ایس ایس جی کمانڈوزنے شرکاء کا خون گرمایا مشترکہ پریڈ میں مختلف شعبوں سے وابستہ خواتین کی بھر پورنمائندگی تھی ۔پاک فضائیہ کے شعرہ آفاق طیاروں ایف 16 اورجے ایف 17 تھنڈر،جے 10 سی اور میراج جو دشمن کیلئے ہیبت کا نشان ہیں کی گھن گرج نے پاکستان کے ناقابل تسخیر دفاع کی خوب جھلک دکھائی، بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے اور ابھی نندن کا طیارہ تباہ کرنے والے قوم کے سپوت پائلٹ کا جب نام پریڈ گراؤنڈ میں پکارا گیا تو شرکاء نشستوں سے کھڑے ہو کر انہیں خراج تحسین پیش کرتے رہے۔ فری فال میں سکائی ڈرائیورزطیاروں سے انتہائی مہارت سے پریڈ گراؤنڈ میں اترے۔ اس موقع پر میجر جنرل عادل رحمانی نے وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کوقومی پرچم پیش کیا ، پریڈ کے دوران بحریہ اور آرمی کے ہیلی کاپٹروں کی پروازیں انتہائی دلکشی کا شاہکارتھیں پریڈ گراؤنڈ میں ٹینکوں ،میزائلوں اورمشینی دستیکیقافلے جب نکلے تو شرکاء نے پرجوش تالیاں بجائیں پریڈ گراؤنڈ میں قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی ،سماجی رہنماء رمضآن چھیپا بھی موجودتھے ،پریڈ گراؤنڈ میں آزاد کشمیر ،گلگت بلتستان ،بلوچستان،خیبر پختونخوا ،سندھ اور پنجاب کے ثقافتی فلوٹس سے پاکستان کے تقافتی رنگ مرکز نگاہ بنے رہے۔صدر مملکت اصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار جوہری ریاست اور امن سے محبت کرنے والا ملک ہے تاہم اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گیاور نہ ہی پاکستان کو غیر مستحکم کرنے والے کسی دہشتگرد گروپ کو برداشت کریں گے ، یوم پاکستان کے موقع پر ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کی تعمیر ، ترقی اور سلامتی کو اپنی جان سے زیادہ عزیز رکھیں گے، مشکلات کے باوجود پاکستان نے دفاع، صنعت ، زراعت ، تعلیم، صحت اور ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں ترقی کی منازل طے کیں ،ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ملک کو درپیش مسائل سے نکالنے اور معاشی استحکام کیلئے یکسوئی سے کام کریں، پاکستان کی بہادر مسلح افواج دفاع وطن کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں، اقوام متحدہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لے، غزہ میں جاری تشدد اور فلسطینیوں کی نسل کشی پر گہری تشویش ہے۔وہ ہفتہ کو شکر پڑیاں پریڈ گرائونڈ اسلام آباد میں مسلح افواج کی یوم پاکستان پریڈ سے خطاب کر رہے تھے۔ پریڈ کے مہمان اعزاز سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود تھیجو اس سے قبل سعودی رائل ایئر فورس میں ایف 15 پائلٹ کے طور پر خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ اس موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف، تینوں سروسز چیف ، غیر ملکی سفیروں، وفاقی کابینہ کے اراکین اور سول و فوجی حکام نے بڑی تعداد میں پریڈ دیکھی۔ پاک فوج اور پیرا ملٹری فورسز کے چاق وچوبند دستوں نے مہمانوں کو سلامی دی۔پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے فارمیشن کی جانب سے شاندار فضائی مظاہرہ کیا گیا۔صدر مملکت اصف علی زرداری نے پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات کا خواہشمند ہے، پاکستان ایک ذمہ دار جوہری ریاست اور امن سے محبت کرنے والا ملک ہے تاہم یہ بات واضح کرتے ہیں کہ ہم اپنے خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، اپنے ملک کو غیر مستحکم کرنے کی کسی گروپ یا دہشتگردی کو برداشت نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور قوم کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں، ا?ج کی پریڈ ہمیں اتحاد ، یکجہتی اور وقار کی یاد دلاتی ہے۔ انہوں نے قوم کو یوم پاکستان کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ برصغیر کے مسلمانوں نے قائداعظم محمد علی جناح کی زیر قیادت مسلمانوں کیلئے ایک علیحدہ مادر وطن کے قیام کیلئے کامیاب جدوجہد کی۔ انہوں نے شہدا اور غازیوں کو قومی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کیلئے ان کی کاوشوں پر خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمارے لئے قومی اہمیت کا حامل ہے، قائد اعظم کی دوراندیش قیادت میں آزاد اور خودمختار ریاست حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔انہوں نے کہا کہ ہم ازادی کی راہ میں قربانیاں پیش کرنے والے قائدین، شہدا اور غازیوں کو خراج عقیدت وتحسین پیش کرتے ہیں۔ آج ہم عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کی تعمیر، ترقی اور سلامتی کو اپنی جان سے زیادہ عزیز رکھیں گے۔ صدر زرداری نے کہا کہ مشکلات کے باوجود پاکستان نے دفاع، صنعت ، زراعت ، تعلیم، صحت اور ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں ترقی کی منازل طے کیں۔ پاکستان کی بہادر مسلح افواج دفاع وطن کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انتخابی عمل مکمل ہونے کے بعد ایک جمہوری اتحادی حکومت قائم ہو چکی ہے، ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ملک کو درپیش مسائل سے نکالنے اور معاشی استحکام کیلئے یکسوئی سے کام کریں۔ ہمیں قومی اتفاق رائے کے ساتھ موثر حکمت عملی ، دانشمندانہ انتظام، صوبوں اور وفاق کے مابین بہتر روابط کی اشد ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ قوم مایوس نہ ہو ہم پاکستان کو معاشی لحاظ اور خود کفیل بنانے کیلئے پرعزم ہیں، معاشی مسائل کے حل اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کا قیام عمل میں لایا جاچکا ہے۔انسانی وسائل کی ترقی اور ہنر مندی ، زراعت ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صنعتی ترقی، توانائی اور گڈ گورننس پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔ صدر مملکت نے کہا کہ تمام سٹیک ہولڈر وطن عزیز کی سلامتی ، استحکام، ترقی اورخوشحالی کیلئے مل کر کام کریں، موجودہ حالات تقاضا کرتے ہیں کہ تمام سیاسی قوتیں باہمی افہام وتفہیم کے ساتھ قوم کو درپیش مسائل حل کریں۔انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں سے استدعا کی کہ وہ اپنے سیاسی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر ملک کی خوشحالی کیلئے کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں عدم استحکام کی بڑی وجہ بھارتی توسیع پسندانہ عزائم اور جموں وکشمیر پر بھارت کا غیر قانونی قبضہ ہے۔ غیر قانونی بھارتی زیر تسلط جموں وکشمیر کی عوام 76 سال سے اپنا حق مانگ رہے ہیں، آرٹیکل 370 کی منسوخی سیکورٹی کونسل کی قراردادوں کے منافی اور کشمیریوں سے ان کی شناخت چھینے کی کوشش ہے۔ہم بھارت کے تمام غیر قانونی اقدامات کی مذمت کرتے ہیں، اقوام متحدہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لے۔ صدر مملکت نے کہا کہ کشمیری عوام یقین دلاتے ہیں ہیں کہ پاکستان حق ارادیت کی جائز جدوجہد میں ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔صدر زرداری نے غزہ میں جاری تشدد اور فلسطینیوں کی نسل کشی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ غزہ میں خواتین اور بچوں کے قتل عام کو رکوانے کیلئے اقدامات اٹھائے اور سیز فائر کرائے جبکہ انسانی راہداری کا قیام عمل میں لایا جائے۔ انہوں نے فلسطینی عوام کیلئے ان کی خواہشات کے مطابق مسئلہ فلسطین کے حل تک پاکستان کی جانب سے غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔صدر مملکت نے مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کرنے پر دوست ممالک چین، سعودی عرب ، ترکی اور متحدہ عرب امارات کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔ قبل ازیں یوم پاکستان کے موقع پر دن کا اغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔آئی ایس پی آر کے مطابق سعودی عرب کے وزیر دفاع  کا نور خان ائیر بیس پہنچنے پر پرتباک استقبال کیا گیا شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود کی مسلح افواج کی مشترکہ یومِ پاکستان پریڈ میں بطور گیسٹ آف آنر خصوصی طور پرشرکت کی تقریب میں آمد پر وزیر دفاع خواجہ ا?صف اور ا?رمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود کا استقبال کیاشہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیزالسعود نے شاندار  جوائنٹ سروسز پریڈ کا مشاہدہ بھی کیاتقریب کے بعد شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے  ملاقات کی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں بالخصوص دفاع میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیااس موقع پر سعودی عرب کے وزیر دفاع   کا کہنا تھا  کہ" سعودی عرب پاکستان کے تاریخی اور مضبوط  برادرانہ تعلقات ہیں، سعودی عرب اور پاکستان ہمیشہ ایک دوسرے کے خیر خواہ  رہے ہیں"پاکستان کا دورہ کرنے پر  آرمی چیف نے سعودی عرب کے وزیر دفاع کاشکریہ ادا کیامعززمہمان  نے بھی یوم پاکستان پریڈ میں بطور گیسٹ آف آنر مدعو کرنے پر  آرمی چیف کا شکریہ  ادا کیاپاکستان کے ایک روزہ کامیاب  دورے کے بعد سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز وطن واپس روانہ ہوگئے روانگی سے قبل چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے شہزادہ خالد بن سلمان کو نور خان ائیر بیس سے خدا حافظ کہا۔

ای پیپر دی نیشن