لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے تمام سپروائزری افسران کو پتنگ بازی کی روک تھام کیلئے اقدامات مزید تیز کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ سی سی پی اولاہور، آر پی اوز ، ڈی پی اوز انسداد کائٹ فلائنگ ایکٹ پر عمل درآمد یقینی بنائیں، پتنگ بازوں، سیلرز اور مینوفیکچرز کیخلاف زیرو ٹالرنس کے تحت سخت اور بلا امتیاز ایکشن لیں، آئی جی پنجاب نے کہا کہ دھاتی ڈور و پتنگوں کی تیاری ، فروخت اور استعمال میں ملوث ملزمان کیخلاف بلا تفریق کاروائی کریں۔ گذشتہ 24 گھنٹے میں صوبہ بھر میں انسداد کائٹ فلائنگ ایکٹ کی خلاف ورزی پر 38 مقدمات درج کرتے ہوئے 39 افراد گرفتار کئے گئے، ملزمان سے 761 پتنگیں، 57 دھاتی ڈور کی چرخیاں برآمد کی گئیں۔ صوبہ بھر میں 26 فروری سے جاری کریک ڈاؤن میں اب تک پتنگ بازوں کیخلاف 2257 مقدمات درج کرتے ہوئے 2411 افراد کو حراست میں لیا گیا، ملزمان سے 44001 پتنگیں، 2027 ڈور چرخیاں بھی برآمد ہوئیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ پتنگیں اور ڈور آن لائن فروخت کرنے والوں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔