میڈرڈ (اے پی پی) سپین میں تارکین وطن کو لے جانے والی ایک چھوٹی کشتی الٹنے سے 3افراد ہلاک اور 7لاپتہ ہوگئے ہیں۔شنہوا کے مطابق اسپین کی میری ٹائم ریسکیو سروسز کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ مراکش کے شمالی ساحل سے جنوبی سپین جاتے ہوئے تارکین وطن کو لے جانے والی ایک چھوٹی کشتی جس میں 12افراد سوار تھے موٹرل پورٹ کے قریب پانی میں الٹ گئی جس کے نتیجے میں 3افراد ہلاک اور 7لاپتہ ہوگئیہیں۔انہوں نے بتایا کہ حادثے کے فوری بعد ایک ریسکیو سروس ہیلی کاپٹر کو فوری طور پر روانہ کیا گیا جس نے 2افراد کو سمندر سے نکال کر ٹوریکارڈیناس یونیورسٹی ہسپتال پہنچایا جہاں ان کا علاج معالجہ جاری ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ 7افراد کی تلاش اور بچا کی کوششیں جاری ہیں جو تاحال لاپتہ ہیں۔